بھارتی ریاست بہار میں انتخابی نتائج کے حصص بازار پر منفی اثرات

پیر 9 نومبر 2015 15:31

نئی دہلی / پٹنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) بھارت کی مشرقی ریاست بہار کے انتخابی نتائج کے حصص بازار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، پیر کو سٹاک مارکیٹ کے کھلنے کے ساتھ ہی سینسیکس اور نفٹی میں شدید گراوٹ نظر آئی، اس کے علاوہ روپے کی قیمت میں بھی کمی آئی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے انتخابی نتائج کا بھارت کے حصص بازار پر واضح اثر نظر آ رہا ہے۔

انتخابی نتائج کے اگلے روز سٹاک مارکیٹ کے کھلنے کے ساتھ ہی سینسیکس اور نفٹی میں شدید گراوٹ نظر آئی۔ اس کے علاوہ روپے کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔سینسیکس 600 پوائنٹس سے زیادہ گر کر25,690.90 کی سطح پر کھلا جبکہ نفٹی 173 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 7،782 کی سطح پر کھلا۔حصص بازار میں کاروبار کرنے والے اس بڑی گراوٹ کی وجہ بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست فاش کو بتا رہے ہیں جہاں انھیں 243 سیٹوں میں سے محض 58 سیٹیں ہی ملیں جبکہ نتیش کمار کے وسیع اتحاد کو 178 سیٹیں ملیں۔

(جاری ہے)

فی الحال سنسیکس اور نفٹی میں تقریبا 1.5 فیصد کی کمی جاری ہے۔ یہ کمی گذشتہ کئی مہینوں سے نظر آ رہی ہے تاہم بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا کہنا ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کا معاشی اصلاحات کے سلسلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔دریں اثنا امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قیمت میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔ پیر کو اس میں ڈالر کے مقابلے 74 پیسے کی کمی آئی ہے اور اب یہ روپے 66.50 فی ڈالر ہو گیا ہے۔بہار نتائج کے ساتھ ساتھ فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحوں میں اضافے کے خدشات کا اثر بھی روپے پر نظر آ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :