اپوزیشن کی تنقید صحت مندانہ ہونی چاہئے،ٹمپریچر اتنا رکھنا چاہیے جو قابلِ برداشت ہو‘ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ

پیر 9 نومبر 2015 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تنقید صحت مندانہ ہونی چاہئے،ٹمپریچر اتنا رکھنا چاہیے جو قابلِ برداشت ہو،اپوزیشن کے حوالے سے یہ کہوں گاکہ ایسی تنقیدکی جائے جس سے اصلاح کاپہلو نکلتا ہو۔گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ مزار اقبال پرحاضری کے موقع پر میڈیاسے گفتگوکر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج تجدیدِعہد کا دن ہے،یہ سوچنا ہوگا کہ ہم نے کیا کھویااورکیا پایا،اقبال کے فلسفے پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو آگے لیکرجاناہوگا۔ محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ روایتی طور پر دن منانے کی بجائے اقبال کے پیغام پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،نوجوان نسل شاعر مشرق کا پیغام سمجھے۔سیاسی درجہ حرارت کے حوالے سے سوال پر گورنر پنجاب نے کہاکہ سیاسی درجہ حرارت نارمل ہے تاہم اپوزیشن کوصحت مندانہ تنقیدکرنی چاہئے جس کا مقصدبہتری لاناہو۔