میرا دل اور دروازے اسی طرح کھلے رہیں گے جیسے پہلے کھلے تھے ‘ تمام ارکان کو ساتھ لیکر چلونگا ‘ سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق

پیر 9 نومبر 2015 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی کے ایک بار پھر منتخب ہونے والے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ میرا دل اور دروازے اسی طرح کھلے رہیں گے جیسے پہلے کھلے تھے ‘ تمام ارکان کو ساتھ لیکر چلونگا اور ملکر جمہوریت اور آئین کا دفاع کرینگے ‘ پارلیمنٹ کی خوشحالی ‘ بہبودی اور اسے فعال بنانے کیلئے اپنا کر دار ادا کرینگے ‘ کشمیر کاز کو ایجنڈے پر لاکر اس کیلئے لائحہ عمل بنائینگے ۔

پیر کو یہاں قومی اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب میں کامیابی اور حلف اٹھانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سردار ایازصادق نے مسلم لیگ (ن)کے قائد وزیر اعظم محمد نواز شریف سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کاشکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ان میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ ‘ ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار ‘ مولانا فضل الرحمن ‘ جی جی جمال ‘ شاہ جی گل آفریدی ‘ پیر صدر الدین راشدی ‘ صاحبزادہ طارق اللہ ‘ محمود خان اچکزئی ‘چوہدری پرویز الٰہی ‘ حاجی غلام احمد بلور ‘ میر مرتضیٰ جتوئی ‘ عیسیٰ نوری ‘ آفتاب شیرپاؤ ‘ اعجاز الحق ‘ سردار کمال خان بنگلزئی ‘ افتخار الدین ‘ عثمان خان تڑکئی اور دیگر شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج ایوان میں نئی تاریخ رقم کی گئی ہے اور آپ لوگوں نے دو تہائی سے زائد ووٹ دیکر مجھے کامیاب کیا ہے جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اور آپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ میں پی ٹی آئی کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیا اور اس عمل میں حصہ لیکر جمہوریت کو تقویت دی ۔

میری اس کامیابی کو جمہوریت ‘ آئین اور پارلیمنٹ کی جیت سمجھا جائے ۔ہم سب ملکر جمہوریت اور آئین کا دفاع کرینگے ‘ پارلیمنٹ کی خوشحالی ‘ بہبودی اور اسے فعال بنانے کیلئے جو کردار بھی ہوگا ارکان کی مشاورت سے اسے انجام دینے کی کوشش کرونگا ۔سر دار ایاز صادق نے کہا کہ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی ایوان کا اہم جزو ہے اسے فعال بنائینگے 2002کے قائمہ کمیٹی سسٹم اور آج کے نظام میں بہت بڑا فرق ہے لیکن اب بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے انہوں نے کہاکہ ہم کشمیر کاز کو بھی اپنے ایجنڈے میں شامل کر کے اس کیلئے لائحہ عمل بنائینگے ۔

انہوں نے کہاکہ پارلیمانی ڈپلو میسی کے تحت دیگر ممالک کی پارلیمنٹس سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں تاکہ انہیں اصل پاکستان دکھائیں اور عالمی میڈیا جس طرح دکھاتا ہے وہ تصویر ان کے سامنے نہ ہو ۔انہوں نے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی کا تحفظ کرینگے اور کمیٹیوں کی کارروائی کو عوام کیلئے زیادہ کھولیں گے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے قومی اسمبلی کو فروغ دیا ہے میں ان سے بھی کہونگا کہ وہ پاکستان کا اصل تشخص دنیا کے سامنے پیش کر نے کیلئے ہمارا ساتھ دیں ۔

سردار ایازصادق نے کہاکہ گرین پارلیمنٹ ہم سب کا خواب تھا آئندہ ماہ یہ دنیا کی دوسری پارلیمنٹ بن جائیگی جو سولر انرجی پر ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ مجھے کسی سے کوئی شکوہ شکایت نہیں ‘ میرا دل اور دروازے اسی طرح کھلے رہیں گے جس طرح پہلے کھلے تھے آئیں وہیں سے سفر شروع کریں جہاں سے یہ سلسلہ منقطع ہوا تھا میری کوشش ہوگی کہ حکومتی اور اپوزیشن بینچوں کو اسی طرح چلاؤں جیسے پہلے چلایا اس کیلئے مجھے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہوگی ملکر کام کریں آئین اور قانون کی بہتری کیلئے اپنا کر دار ادا کرینگے ۔