Live Updates

عمران خان نے آج پارلیمنٹ ہاؤس آکر پارلیمنٹ کو اعزاز دیا ہے ،ان کا رویہ قابل افسوس تھا‘ تحریک انصاف سردار ایاز صادق کے خلاف الیکشن ہارنے کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانے کی بجائے پارلیمنٹ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرے‘ علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل نہ کرنے کا اعلان درست ہے‘ قوم اس دن زیادہ کام کرکے علامہ اقبال کی روح کو خوش کرے

مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 9 نومبر 2015 14:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج پارلیمنٹ ہاؤس آکر پارلیمنٹ کو اعزاز دیا ہے تاہم ان کا رویہ قابل افسوس تھا‘ تحریک انصاف سردار ایاز صادق کے خلاف الیکشن ہارنے کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانے کی بجائے پارلیمنٹ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرے‘ شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل نہ کرنے کا اعلان درست ہے‘ قوم اس دن زیادہ کام کرکے علامہ اقبال کی روح کو خوش کرے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ آج قومی اسمبلی کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ عمران خان کچھ دیر کے لئے آئے تاہم انہوں نے پارلیمانی روایات کے برعکس کام کیا جب بھی کوئی رکن سپیکر کے الیکشن کے لئے ووٹ پول کرتا ہے تو وہ پریذائیڈنگ آفیسر جو قائمقام سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی ان سے ہاتھ ضرور ملاتا ہے لیکن عمران خان نے مرتضیٰ جاوید عباسی سے ہاتھ نہ ملا کر نہ صرف پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی کی بلکہ اخلاقی طور پر بھی ان کا رویہ مناسب نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اب الزامات کی سیاست ختم کرکے پارلیمنٹ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرنا چاہئے۔ بلدیاتی الیکشن لڑے اور 2018کے انتخابات کی تیاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق ایک اچھے سپیکر ثابت ہونگے اور ماضی میں بھی بطور سپیکر ان کا کردار غیر جانبدار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر تعطیل نہ کرنے کا اعلان درست ہے قوم کو چاہئے کہ آج زیادہ کام کرے تاکہ علامہ اقبال کی روح خوش ہو۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات