انٹرنیشنل سرمایہ کاری سیمینار میں سرمایہ کاری کے150معاہدے خوش آئند ہیں ‘راجہ عدیل

پیر 9 نومبر 2015 14:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء)تاجر رہنما ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے پنجاب حکومت کی جانب سے انٹرنیشنل سرمایہ کاری سیمینار میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے150معاہدوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد سے پنجاب خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ،پنجاب میں انٹرنیشنل سرمایہ کاری کیلئے کامیاب کنونشن میں ڈھائی سو غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شمولیت سے دنیا بھر میں یہ واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار ہے ۔

راجہ عدیل نے کہا کہ سرمایہ کاری کی ترغیب کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے سیمینار کے انعقاد سے معاشی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس سے حکومت کو بھی کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا اور حکومت معاشی بحران سے باہر نکل آئے گی۔

(جاری ہے)

راجہ عدیل نے کہا کہ لاہور میں منعقدہ بین الاقوامی ٹیلنٹ اور سرمایہ کی ترغیب کے لئے سیمینار سے ملکی معیشت پر مستقبل میں اچھے اثرات مرتب ہونگے ۔

دو روزہ سیمینار میں ملکی اور دوست ممالک کے غیر ملکی مندوبین ،بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان، کنسلٹنٹس، عالمی مالیاتی اداروں ، سرمایہ کاروں اور قومی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرسے سٹیک ہولڈر کی شرکت نے اس سیمینار کو کامیاب بنایا ۔اورغیر ملکی سرمایہ کاری اور 150معاہدوں سے ملک کے اندر روزگار کے وافر مواقع فراہم ہونگے ۔حکومتی سطح پر سیمینار سے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کامظہر ہے۔ ملکی معیشت میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔ ملک میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ہی سرمایہ کاری کی ضامن ہے۔