مظفر آبا د انتظامیہ اخبار کے دفتر کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیکر شرپسند عناصر کیخلاف کارروائی کرے، اوچھے ہتھکنڈے آزادی صحافت کی آڑ نہیں بن سکتے،واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے

اے جے کے جرنلسٹ فورم کے ممبر ان و عہدیداران کی ریاستی اخبار کے دفتر کو جلانے کی مذمت

پیر 9 نومبر 2015 14:00

تتہ پانی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء)اے جے کے جرنلسٹ فورم کے ممبر ان و عہدیداران سخاوت خان سدوزئی‘تحسین احمد خان،بلال یعقوب‘الطاف چوہدری،صابر مقبول‘قیصر شہاب غوری،بابر حسین،رمیض اختر راجہ اور سردار خالد محمود نے ریاستی اخبار روزنامہ کشمیر آبزرور کے ہیڈ آفس کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مظفر آبا د انتظامیہ واقعہ کا فوری نوٹس لیکر شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کرے، اوچھے ہتھکنڈے آزادی صحافت کی آڑ نہیں بن سکتے،واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،ریاستی اخبارات ریاست کا وقار اور عزت ہیں،جو تحریک آزادی اور خطہ کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں،ہم شرپسند عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے،اے جے کے جرنلسٹ فورم کے عہدیداران نے صحافتی تنظیموں ‘ریاستی اخبارات کے مالکان‘ایڈیٹرز سے اپیل کی ریاستی اخبار کے آفس کو رات کی تاریکی میں جلانیوالے شرپسندوں کے خلاف آواز بلند کریں،کسی میں ہمت ہے تو سامنے آکر مقابلہ کرے،پیٹھ پیچھے چھپ کر وار کرنیوالے شرپسندوں کو معاف نہیں کریں گے،کشمیر آبزرور حق وسچ کی آواز ہے،سچ لکھنے سے صحافیوں کو کوئی روک نہیں سکتا،انتظامیہ مظفر آباد فوری کارروائی کرکے ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔