آزاد خطے کے عوام حقیقی اسلامی فلاحی اور ماڈل ریاست کے قیام کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں،سرا ج الحق

پیر 9 نومبر 2015 13:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آزاد خطے کے عوام حقیقی اسلامی فلاحی اور ماڈل ریاست کے قیام کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں،جماعت اسلامی پوری قوت کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی کارکن بھمبر سے تاؤ بٹ تک اور کراچی سے خیبر تک تیاری کریں،10نومبر سے پورے آزاد کشمیر میں بھرپور انداز سے عوام رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان،آزاد خطے کے لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کے روزگار کے لیے جماعت اسلامی کے سوا کسی کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں،منگلا ڈیم سمیت دیگر ہائیڈرل پاور پراجیکٹ اور دیامر ڈیم سمیت دیگر ڈیمز کی رائیلٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم کی جائے،وفاقی حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو NFCایوارڈ میں حصہ فراہم کرے،کشمیر کی آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی کا موثر پارلیمانی رول وقت کی ضرورت ہے ،نریندر مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے باعث کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو نئی جہت ملی ہے اور ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا گیا ہے ،آزاد کشمیر اور پاکستان کے غریب عوام بیرون ملک مزدوری کر کے زرمبادلہ ملک میں بھیجتے ہیں اور یہاں کا کرپٹ اشرفیہ قومی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک بھیج رہا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے 42ویں سالانہ اراکین جنرل کونسل کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی،سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان،چیئرمین سیاسی کمیٹی ڈاکٹر مشتاق،نائب امراء ڈاکٹر خالد محمود،شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،محمود الحسن چودھری ایڈووکیٹ،حلقہ مہاجرین پاکستان کے امیرنورالباری،غلام محمدصفی،سابق نگران وزیر گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ،گلگت بلتستان کے امیر مولانا عبدالسمیع،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد کشمیر ارشد ندیم ایڈووکیٹ،ڈاکٹرر یاض احمد،اشرف بلال،مصباح الرحمان یوسفی،شاہد رفیق،امراء اضلاع سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت انبیا کی دعوت کا تسلسل ہے ،انبیا نے دین کے غلبے کے لیے لازول جدوجہد اور بے مثال قربانیاں پیش کیں جس کی بدولت آج ہمیں اسلام کی دولت نصیب ہوئی ہے دین کے اس پیغام کو آگے لوگوں تک پہنچانا اب امت کی ذمہ داری ہے اور امت میں جماعت اسلامی نے اس کام کو اپنا نصب العین بنایا ہے ،اللہ کے راستے میں جدوجہد ہر چیز سے افضل ہے اللہ تعالیٰ نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو دین کے کام کے لیے چن لیا ہے یہ غیرت ،خوداری ایثار اور استقامت کا راستہ ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سروں پر ظلم نا انصافی اور استحصالی نظام مسلط ہے اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کو رائج کرنا ہماری ذمہ داری ہے پاکستان اور آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور انسانی وسائل سے مالا مال ہیں مگر یہاں غربت اور نا انصافی نے ڈیرے ڈھال رکھے ہیں ،

ظلم اور نا انصافی کے اس دور کو ختم کرنا ہے اور اس کے لیے اٹھ کر ظالموں کے خلاف جہاد کرنا ہو گا ،68سال گزر گئے ہمارے مسائل وہاں کے وہاں ہیں اب زیادہ وقت نہیں ہے آپ لوگ اٹھیں اور اس تاریکی کو روشنی میں بدل دیں،انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اسلامی تحریکوں کے راہنما اور کارکن سخت کھٹن حالات میں استقامت سے کھڑے ہیں اور اپنے مشن سے نہیں ہٹے اس مشن سے وابستگی اور اس کو آگے بڑھانے کے لیے آزمائشیںآ تیں ہیں ان آزمائشوں سے صبر سے برداشت کرنا اور اپنا راستہ بنانا آپ کا کام ہے ،انہوں نے کہا کہ آمدہ انتخابات میں جماعت اسلامی موثر پارلیمانی طاقت حاصل کرنے کے لیے آج سے کام کا آغاز کرے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ 10نومبر سے پورے آزاد کشمیر میں مہاجرین اور گلگت بلتستان میں عوام رابطہ مہم کا آغاز کریں گے،جماعت اسلامی پوری قوت کے ساتھ آمدہ انتخابات میں حصہ لے گی کارکن آج سے ہی اس کی تیار ی کریں ،آزاد خطے کا کوئی گھر اور کوئی فرد ایسا نہ بچے جس تک ہماری دعوت اور ہمارا پیغام نہ پہنچے،انہوں نے کہا کہ نیلم سے تاؤبٹ تک کوئی گاؤں اور کوئی محلہ ایسا نہیں ہے جہاں جماعت اسلامی کا کارکن موجود نہ ہو جماعت اسلامی نے شاندار کارکردگی کا ریکارڈ پیش کیا ہے ادارے قائم کیے ہیں افراد تیار کیے ہیں تحریک میں بھرپور کردار ادا کیا ہے جماعت اسلامی کے کارکن اپنے اس شاندار ریکارڈ کے ساتھ میدان میں اتریں اور پورے اعتمادکے اپنی دعوت پیش کریں اور لوگوں کو جماعت اسلامی میں شامل کریں انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں جماعت اسلامی نے کامیابی کے پرچم گھاڑے ہیں خدمت کے میدان میں جماعت کا کوئی ثانی نہیں ہے صحت کے میدان میں جماعت نے غریبوں اور بے سہاروں کا مفت علاج کیا ہے جماعت اسلامی اور اس کے ادارے ہزاروں یتیم بچوں اور بے سہارا لوگوں کی کفالت کررہے ہیں اپنے اس شاندار ریکارڈ کے ساتھ ہم میدان میں اتر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کشمیرکی آزادی اور آزاد خطے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے ضروری ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں جماعت اسلامی کا موثر کردار ہو ،انہوں نے کہاکہ آمدہ انتخابات میں جماعت اسلامی موثر پارلیمانی قوت حاصل کر کے عوام کی خدمت بھی کرے گی اور کشمیر کی آزادی کو بھی یقینی بنائے گی آزاد خطے کی تمام بڑی پارٹیاں عوامی خدمت اور مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں ہسپتال اور تعلیمی ادارے ادویات اور استاتذہ سے خالی ہیں متاثرین زلزلہ ابھی تک در بدر ہیں متاثرین منگلا شدید مشکلات کا شکار ہیں ظلم اور نا انصافی کا دور دورہ ہے کرپشن اور اقرباپروری نے معاشرے کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں ،تھانے اور کچہریاں عوام کی حفاظت کرنے کے بجائے خوف کا نشان بنے ہوئے ہیں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں ریاستی وسائل عیاشیوں پر اڑائے جا رہے ہیں ان حالات میں جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے اور جماعت اسلامی ہی عوام کو اس نظام سے نجات دلائے گی اس کے سوا اور کوئی حل نہیں ہے جماعت اسلامی کے کارکن عوام کے پاس جائیں لوگوں کو جماعت میں شامل کریں ان کی تربیت کریں ان کو اپنی صفوں میں شامل کریں تا کہ تبدیلی کو یقینی بنایا جا سکے جماعت اسلامی رائے عامہ کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتی ہے جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری طریقے سے ہی تبدیلی چاہتی ہے آزاد خطے کے عوام کو علاقوں برادریوں اور تعصبات کے شکنجے سے نکالا جائے تا کہ وہ آزادنہ رائے سے اپنے نمائندے منتخب کر سکیں ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل نے کہا کہ اللہ کی رضا کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے گناہوں کے بوجھ کو کم کریں اور نیکیوں میں اضافہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :