مالاکنڈ‘تعلیم ہی قوموں کے ترقی کا واحد ذریعہ ہے‘ڈیڈک چیئرمین سید محمدعلی شاہ

پیر 9 نومبر 2015 12:34

مالاکنڈ۔09 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 نومبر۔2015ء)گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج درگئی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہمان خصوصی چیئر مین ڈیڈک کمیٹی ملاکنڈ اور ایم پی اے سید محمد علی شاہ تھے جبکہ پاک آرمی کے میجر عامر اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے صوبائی ڈائیریکٹر پروفیسر نو راللہ وزیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سید محمد علی شاہ، پرنسپل کالج پروفیسر رحمت اللہ، ڈائریکٹر نوراللہ وزیر اوردیگر نے کہا کہ تعلیم ہی قوموں کے ترقی کا واحد ذریعہ ہے۔ محنت اور لگن پرمشتمل تعلیم کے فوائد ضرور ملتے ہیں اور اسی تعلیم سے ملک وقوم کی خدمت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے کہا کہ انٹرنیٹ کے اہمیت سے انکار ناممکن ہے لیکن اس کے مثبت استعمال کے لئے مہم چلانا ہوگی اور یہ اساتذہ والدین اور حکومت وقت کا مشترکہ ذمہ داری ہے ورنہ موجودہ منفی استعمال اور زیر تعلیم بچوں کے ہاتھوں میں موبائل ،آئی پیڈ اور کمپیوٹر کا استعمال رات گئے تک گیمز کھیلنا انتہائی نقصان دہ ہے اس سے نہ صرف تعلیم کا وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ اخلاقی طور پر بھی واقعات رونماء ہو رہے ہیں۔

اس لئے والدین بچوں کی صحیح تربیت کیلئے بچوں کے ہاتھوں میں کتاب تھمادیں‘ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ میں تعلیمی مواقع زیادہ سے زیادہ پیدا کرنے کیلئے ہم نے پرائمری سے لیکر پانچ ڈگری کالجز قائم کئے تاکہ غربت کی وجہ سے کوئی تعلیم سے محروم نہ رہ جائے جبکہ دیگر انفاسٹرکچر میں بھی مثالی تبدیلیاں لائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شورش کے زمانے میں ضلع ملاکنڈ پر امن رہااور سیکیورٹی فورسز ،عوام اور علاقائی عمائدین کے اتفاق اور کوششوں کی وجہ سے ناخوشگوار حا لات کا خاتمہ ہوا اس لئے علاقے کے ترقی میں بھی اتفاق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقع پرکالج کے پرنسپل کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کو حل کر انے کی یقین دہانی کرائی ۔