دیہی روڈز پروگرام عوامی خدمت کے سلسلہ کا روشن باب ہے، نعیم صفدرانصاری

پیر 9 نومبر 2015 12:33

قصور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 نومبر۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدرانصاری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے اپنے دورِ اقتدارمیں عوام کو موٹرویز‘ فلائی اوورز‘ انڈرپاسز اورشاہرات کی تعمیر جیسے میگاپراجیکٹ دیئے اور عوام کی خدمت اور سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کو عملی شکل دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کا دیہی روڈز پروگرام بھی عوامی خدمت کے جاری سلسلہ کا ایک روشن باب ہے جس سے دیہات کے باسیوں کو بھرپور ریلیف مل رہاہے اور عنقریب اس پروگرام کے تحت پورے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھ جائیگا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بناکر ثابت کردیاہے کہ (ن)لیگ کی جڑیں عوام میں ہیں‘شارٹ کٹ کی سیاست کرنیوالے کبھی بھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوتے اب دوسرے مرحلہ میں بھی عوام بہتر نتائج دینگے ‘شریف برادران کی مثبت‘عوام دوست پالیسیوں کیوجہ سے انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات کیساتھ ساتھ 2018ء میں کامیابی مسلم لیگ (ن) کا مقدر بنے گی۔