سعید اجمل کو اکیڈمی کیلئے دی گئی اراضی ضبط ، آف سپنر کا احتجاج کا اعلان

پیر 9 نومبر 2015 10:56

سعید اجمل کو اکیڈمی کیلئے دی گئی اراضی ضبط ، آف سپنر کا احتجاج کا اعلان

فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار9نومبر۔2015ء ) فیصل آباد میں آف سپنر سعید اجمل کو اکیڈمی کے لیے دی گئی اراضی واپس لے لی گئی ، ٹیسٹ کرکٹر کہتے ہیں کہ اکیڈمی پر کروڑوں روپے خرچ کیے ، انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم سے باہر ہونے کے بعد سعید اجمل کے لیے ایک اور دھچکا، فیصل آباد میں سعید اجمل اکیڈمی بند کر دی گئی ، زرعی یونیورسٹی نے اکیڈمی کے لیے دی گئی اراضی واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر کے دو دن میں سامان اٹھانے کی ہدایت کردی ہے ۔

38 سالہ آف سپنر سعید اجمل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دو دن تک فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو وہ گیارہ نومبر کو کھلاڑیوں سمیت احتجاج کریں اور تحریک چلائی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا وہ اکیڈمی پر اب تک چھ کروڑ روپے خرچ کرچکے ہیں اور350 کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں جن کا مستقبل تباہ کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

سعید اجمل کو ایک طرف پی سی بی کی طرف سے شو کاز نوٹس مل چکا ہے تو دوسری طرف ان کے نام سے منسوب اکیڈمی بھی بند کر دی گئی جس کے بعد یوں لگتا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ کرکٹر کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں ۔ یاد رہے کہ نامور سپن بائولر نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے2012ء میں معاہدہ کیا تھا کہ ان کی زیر ملکیت زمین پر کرکٹ اکیڈمی بنائی جائے گی جس کو عارضی طور پر گزشتہ ماہ سکیورٹی کی بنیاد بنا کر بند کردیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز اکیڈمی کو مکمل طور پر بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اکیڈمی بند ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔