رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا،حاجی عبدالوہاب نے اسلام کی سربلندی ‘ ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کرائی

اتوار 8 نومبر 2015 22:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8نومبر۔2015ء)رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ امیر جماعت حاجی عبدالوہاب نے اسلام کی سربلندی ‘ ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کرائی‘ جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ رائیونڈ میں 3روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا دور جمعہ کے روز شروع ہوا تھا۔ ا جتماع میں اندرون اور بیرون ملک سے ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

شرکاء نے 3دن تک تذکیہ نفس کی مشق کی اور دین کو سیکھنے اور سکھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

علماء کرام نے اپنے خطبات میں نفسا نفسی کے اس دور پر روشنی ڈالی اور اسے قرآن کریم کی تعلیمات سے دوری اور اللہ کے احکامات کی نافرمانی کا شاخسانہ قرار دیا۔ امیر جماعت اسلامی حاجی عبدالوہاب نے پہلے اختتامی مرحلے کی دعا کرائی ۔ انہوں نے اللہ کی خوشنودی کے حصول ‘ دنیا اور آخرت میں کامیابی کیلئے گناہوں سے بچنے اور توبہ استغفار پر زور دیا۔

اختتامی دعا کے بعد شرکاء اس عزم کے ساتھ روانہ ہوئے کہ وہ آئندہ زندگی اللہ کو راضی کرنے میں گزاریں گے ۔ اختتام پر رائے ونڈ روڈ لاہور اور ملحقہ سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ تبلیغی اجتماع کا دوسرا اور آخری مرحلہ جمعرات 12نومبر سے شروع ہو گا۔