افغانستان ، امریکی ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 33 جنگجو ہلاک،داعش نے 7 مغویوں کے سر قلم کردےئے ،افغان انٹیلی جنس کا کابل شہر میں حقانی نیٹ ورک کی جانب سے کار بم حملے کابڑا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ

اتوار 8 نومبر 2015 21:59

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 33 جنگجو ہلاک ہوگئے ،داعش نے ایک ماہ قبل اغواء کیے گئے 7 مغویوں کے سر قلم کردےئے ،افغان انٹیلی جنس کا کابل شہر میں حقانی نیٹ ورک کی جانب سے کار بم حملے کابڑا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ۔اتوار کو افغان میڈیاکے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 33 جنگجو مارے گئے ۔

صوبائی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ضلع ایچن میں ملٹری آپریشن کے دوران 25 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع غنی خیل کے علاقے گلائی میں امریکی ڈرون حملے میں 3 دیگر جنگجو مارے گئے ۔کرنل جضرت حسین مشرقی وال نے مزید بتایا ہے کہ 5 جنگجو ضلع باٹی کوٹ کے علاقے لچپور میں ننگرہار ائیرفیلڈ کے سپشل یونٹ کی کاروائی میں مارے گئے ۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران 7 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔

شدت پسندوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف،8پستول،16 ہینڈ گرنیڈ،2 ٹرانسمیشن سیٹ،فوجی وردی اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ۔ادھر جنوبی صوبہ زابل میں شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں نے 7 مغویوں کو قتل کردیا ۔صوبائی پولیس چیف میر واعظ نورزائی کا کہنا ہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے ایک ماہ قبل غزنی سے سات شہریوں کو اغواء کیا تھا ۔جنگجوؤں نے صوبہ زابل کے ضلع ارغنداب میں مغویوں کے سرقلم کردےئے جن کی لاشیں ضلع شاہ جوئی سے ملی ہیں۔

لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس نے کابل شہر میں حقانی نیٹ ورک کی جانب سے کار بم حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔این ڈی ایس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک نے جعلی نمبر پلیٹ والی ایک ٹیکسی میں بارودی مواد بھر کر سرکاری دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی ۔