بھارتی وزیر اعظم کے دورے کو یوم سیاہ کے طورپر منانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبا یا نہیں جاسکتا، بہادر کشمیری عوام 68 سال سے بھارتی نا جائزتسلط کا جانفشانی سے مقابلہ کر رہے ہیں، بھارت نام نہاد پیکج سے ایک شہید کے خون کی قیمت بھی اد انہیں کر سکتا، گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیرچوہدری محمد برجیس طاہرکا خانقاڈوگراں میں تقریب سے خطاب

اتوار 8 نومبر 2015 19:45

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت چاہے کتنے ہتھکنڈے استعمال کر لے وہ کشمیر یوں کی نہ تو تحریک آزادی کودبا سکتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کے لالچ کے عوض اُن کے دل جیت سکتا ہے۔اُنہوں نے یہ بات آج خانقاڈوگراں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نرنیدر مودی کے دورے کے موقع پر جس طرح مقبوضہ کشمیر کو جیل کی صورت میں تبدیل کیا گیا وہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔حریت رہنماؤں اور ہزاروں کی تعداد میں کشمیری عوام کی گرفتاری کے باوجود جس طرح کشمیری عوام نے بھارتی وزیر اعظم کے دورے کو یوم سیاہ کے طورپر منایا وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تمام تر ظالمانہ اقدامات کے باوجود حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی آواز کو دبا یا نہیں جا سکتا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارتی حکومت اپنے جھوٹے پیکیج سے کشمیری عوام کے دلوں کو خرید نہیں سکتے ۔ بھارت کو علم ہونا چاہے کہ وہ اس رقم سے ایک شہید کے خون کی قیمت بھی اد ا نہیں کر سکتا اور نہ اس سے وہ 90000 سے زائد کشمیری شہیدوں ،22000کشمیری بیوہ خواتین اور 6000 لاپتہ افراد کے لواحقین سے سودا بازی کر سکتا ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہاکہ غیر ت مند بہادر کشمیری عوام 68 سال سے بھارتی نا جائزتسلط کا جانفشانی سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔

تحریک آزادی کا علم اب کشمیری عوام کی اگلی نسل نے تھام لیا ہے اور اس میں آئے دن شدت آرہی ہے ۔ نریندرمودی کی مسلمان اور اقلیت دُشمن پالیسیوں اور بھارت کاانتہا پسندچہرہ بے نقاب ہونے سے کشمیری عوام کا حق خود ارادیت سے متعلق نصب العین اور بھی مضبوط ہو گیا ہے اوریہی وجہ ہے کہ پچھلے چند عرصے سے بھارت مخالف احتجاج میں بھرپور شدت آئی ہے اورکشمیری عوام 7لاکھ فوج کی موجودگی کے باوجود ہر گلی اور سڑک میں سبز ہلالی پرچم بلند کررہے ہیں ۔

یہ کشمیری عوام کی بہادری ،ثابت قدمی اور بلند جذبے کے مرہنون منت ہے کہ آج دنیا بھر میں کشمیری عوام کی آواز کو سنا جارہا ہے اور اس متعلق بین الاقوامی حلقوں میں بحث جاری ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے کشمیری بھائیوں کی تمام تر اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور بین الاقوامی فورمزپر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا ۔

اُنہوں نے کہا ذرائع ابلاغ کے اس دور میں کشمیریوں کی آواز کو کسی صورت میں نہیں دبایا جاسکتا او ر وہ دن دور نہیں جب اس خطے کی ترقی اور امن کی خاطر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری آگے بڑھ کر اس مسئلے کے پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔اس سے قبل چودہری محمدبرجیس طاہر نے سانگلہ ہل میں ہونہار طالب علموں میں انعامی چیک تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :