اروند کیجری وال نے بہار اسمبلی الیکشن کو نفرت کی سیاست کرنے والوں کے ’گال پر طمانچہ‘ قرار دیدیا،وزیر اعظم مودی بیرون ممالک گھومنا چھوڑ کر‘ حکومت چلانے پر توجہ مرکوزکریں،انتخابی نتائج واضح پیغام ہیں کہ اگر مستقبل میں اس طرح کی پھر کوشش کی گئی تو ایسے لوگوں کا پوری طرح صفایا کردیا جائے گا، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال کا بیان

اتوار 8 نومبر 2015 18:31

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال نے بہار اسمبلی الیکشن کو نفرت کی سیاست کرنے والے لوگوں کے ’گال پر طمانچہ‘ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندرمودی کو ’بیرون ممالک گھومنا چھوڑ کر‘ حکومت چلانے پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیدیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق بہار اسمبلی کے انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر کیجری وال نے بہار میں عظیم اتحاد کی جیت پر وزیر اعلی نتیش کمار کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ انتخابی نتیجہ نفرت کی سیاست کرنے والوں کے گال پر طمانچہ اور واضح پیغام ہے کہ اگر مستقبل میں اس طرح کی پھر کوشش کی گئی تو ایسے لوگوں کا پوری طرح صفایا کردیا جائے گا۔

انہوں کہاکہ ملک میں حال میں عدم رواداری کا جو ماحول بنایا گیا ہے وہ دور کیا جائے گا۔