سپیکر کے انتخاب میں ووٹوں کے حصول کی خاطر سردار ایاز صادق متحرک ہوگئے ،جی جی جمال کواپنے حق میں دستبردار کرانے کیلئے باضابطہ رابطہ ،فاٹا ارکان نے ووٹنگ میں حمایت کیلئے اپنے مطالبات تحریری شکل میں ایازصادق کے حوالے کردیے، فاٹااراکین سے تفصیلی ملاقات ہوئی انہوں نے کوئی شرط پیش نہیں کی، فاٹاکے اراکین کے مطالبات سے وزیراعظم کوآگاہ کریں گے،سردار ایاز صادق، چاروں صوبوں کی طرح فاٹاکوبھی حقوق دیے جائیں، سردار ایاز صادق سے ہونے والی ملاقات میں ذاتی ایجنڈہ شامل نہیں تھا صرف ملکی سلامتی پر بات چیت ہوئی ،فاٹااراکین کی پریس کانفرنس

اتوار 8 نومبر 2015 18:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نامزدگی کے بعد سردار ایاز صادق نے رابطے اور کوششیں تیز کر دیں ‘ فاٹا اتحاد کے نامزد امیدوار جی جی جمال کواپنے حق میں دستبردار کرانے کیلئے باضابطہ رابطہ کر لیا‘ جی جی جمال نے ایاز صادق سے فاٹا کے لوگوں کو عام شہریوں کے برابر حقوق دینے کے عوض مشروط حمایت کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف حقوق کا اعلان کرتے ہیں تووہ اپنا لانگ مارچ بھی ملتوی کردیں گے جس کے بعد ایاز صادق کا فوری طور پر وزیر اعظم سے رابطہ ‘ وزیر اعظم کے مثبت جواب پر ایاز صادق نے جی جی جمال کو ان کے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق اتو ار کو سپیکر کے انتخاب میں ووٹوں کے حصول کی خاطر سردار ایاز صادق متحرک ہوگئے ،فاٹا ارکان سے ملاقات کی اورفاٹا اتحاد کی طرف سے جی جی جمال کو سپیکر کے انتخاب سے دستبردار کرانے کے حوالے سے بات چیت کی۔

(جاری ہے)

فاٹا ارکان نے ووٹنگ میں حمایت کیلئے اپنے مطالبات تحریری شکل میں سردار ایازصادق کے حوالے کردیے۔ذرائع کے مطابق ایاز صادق کی درخواست پر جی جی جمال نے کہاکہ فاٹا کے لوگوں کو بھی عام شہریوں کی طرح حقوق دئیے جائیں اور اگر وزیر اعظم نواز شریف حقوق کا اعلان کرتے ہیں تووہ اپنا لانگ مارچ بھی ملتوی کردیں گے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ فاٹااراکین سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے لیکن انہوں نے کوئی شرط پیش نہیں کی۔ فاٹا ارکان سے شام کو پھرملاقات ہوگی عشائیے کے موقع پرہماری مزیدملاقاتیں ہونگی ۔ فاٹااراکین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں کی طرح فاٹاکوبھی حقوق دیے جائیں جبکہ سردار ایاز صادق سے ہونے والی ملاقات میں ذاتی ایجنڈہ شامل نہیں تھا صرف ملکی سلامتی پر بات ہوئی جبکہ ذرائع کے مطابق جی جی جمال نے ایاز صادق کو فاٹا کے مسائل کے حو الے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ایاز صادق نے فوری طورپر وزیر اعظم نوا زشریف سے ٹیلی فونک پر رابطہ کیا اور وزیر اعظم کی طرف سے مثبت جواب ملنے پر جی جی جمال سمیت فاٹا اراکین کو ان کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراوا دی جس پر فاٹا اراکین نے بھی مشروط طور پر سردار ایاز صادق کو اپنی مشروط حمایت کا یقین دلایا۔