Live Updates

ٹنڈواللہ یار،بلدیاتی انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کے خلاف5 سیاسی جماعتیں متحد

مسلم لیگ فنکشنل، جماعت اسلامی ، راہ حق،عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی مشترکا پریس کانفرنس

اتوار 8 نومبر 2015 17:52

ٹنڈواللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء) )بلدیاتی انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کے خلاف پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے ضلعی صدر سردار قربان جروار ،پاکستان راہ حق پارٹی کے ضلعی کنوینر محمد سکندرشاہ،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر راؤ جاوید ، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی آرگنائزر عمران گلزار کشمیری اور قومی عوامی تحریک کے ضلعی صدر عبدالرحمٰن سموں نے حافظ شکیب قائم خانی کی رہائش گا ہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں سرکاری نمائیندوں کو جتوانے کے لئے حکومتی مشینری کا بے دریغ استعمال کیاجارہا ہے دھونس اور حلقہ بندیوں سے شروع ہونے والی منظم دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے پہلے امیدواروں کے مختلف حیلے بہانوں سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کئے گئے جن کے جمع ہوئے ان میں سے بہت سوں کے کاغذات نامزدگی بلاجواز مسترد کئے گئے امیدواروں ،تجویز وتائید کنندگان کو ڈرایا دھمکایا گیا اب جبکہ انتخابی مہم باقاعدہ طور پر شروع ہو چکی ہے ایسے میں من پسند جماعتوں کے سوا باقی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے اشتہار ،بینر اور پینا فلیکس نامعلوم افراد کی جانب سے اتارے جارہے ہیں سڑکوں پر اوباش نوجوان اشتعال انگیز نعرہ بازیاں کررہے ہیں ووٹرز اور سپوٹرز کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے انتخابی مہم چلانے میں دشواریاں پیدا کی جارہی ہیں امیدواروں کے لئے کئی ایریا زنوگو ایریا بن چکے ہیں ٹنڈوالہیار میں حالات دن بدن بدتر ہوتے جارہے ہیں پولنگ کے دن ووٹرز کی حفاظت کے لئے رینجرز پولنگ کے اندر نہ ہوئی تو بلدیاتی انتخابات میں بھی مینڈیٹ چوری ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

بار بار الیکشن کمیشن بے ضابطگی کی بات کر کے اپنے آپ کو ہر چیز سے بری الذمہ قرار دے دیتا ہے ۔باربار کی بے ضابطگی اصل میں دھاندلی ہے کچھ لوگ دیگر شہروں سے غیر متعلقہ افراد جمع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں دیگر شہروں کے لوگ آئے تو شہر میں نقص امن کے خطرات بڑھ جائیں گے اس لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن ایسی منصوبہ بندیوں کا نوٹس لیں ٹنڈوالہیار شہر میں مفرور ملزمان الیکشن والے دن ووٹرز کو ہراساں کریں گے کسی کا نام لے کر اپنے سپوٹرز کے لئے مسائل پیدا کرنا نہیں چاہتے قانون خود حرکت میں آئے۔

مفرور اور روپوش ملزمان کو جلد از جلد الیکشن سے قبل گرفتار کیا جائے روپوش ملزمان دندناتے گھوم رہے ہیں جس کی وجہ سے پولنگ ڈے پر ٹنڈوالہیار میں تصادم کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں ان خطرات سے تحریری طور پر ریٹرننگ آفیسر کو آگاہ کردیا ہے خدا نہ کرے خیرپور جیسا کوئی واقعہ ٹنڈوالہیار میں بھی پیش آئے اگر کوئی حادثہ رونما ہوا تو ذمہ دار الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر ہوں گے پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں ۔

تمام اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے قوم کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے تو جمہوریت کو جمہوریت رہنے دیا جائے بچہ جمہورا نہ بنایاجائے بار بار مینڈیٹ چوری ہوا اور دھاندلی کو باربار بے ضابطگی کہا گیا تو قوم کا اعتماد جمہوری عمل سے اٹھ جائے گاپولنگ ڈے پر پولنگ اسٹیشنز میں من پسند افراد کی ڈیوٹیاں لگائی جارہی ہیں جس سے دھاندلی کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں جانبدار افسران کی ڈیوٹیاں پولنگ اسٹیشن سے ختم کر کے غیر جانبدار افسران کو تعینات کیا جائے صحافی حضرات کے توسط سے قومی سلامتی کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ دھونس اور دھاندلی کے ذریعے بلدیاتی انتخابات جیتنے کے حکومتی عزائم واضح ہوچکے قومی سلامتی کے ادارے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کو روکیں پاک فوج کے دستے ٹنڈوالہیار میں تعینات کئے جائیں تاکہ ووٹرز محفوظ ہوں اور بغیر کسی دباؤ کے جسے چاہے اپنا نمائیندہ منتخب کریں موجودہ حالات میں ووٹرز اور سپوٹرز کی زندگیوں کو خطرات ہیں ووٹرز اور سپوٹرز کی زندگی کی حفاظت ہمارے لئے سب سے اہم ہے اس لئے پریس کانفرنس کر کے آنے والے خطرات سے سب کوآگاہ کردیا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات