ترشاوہ پھلدار پودوں میں پاکستان سر فہرست، پیوند کاری سے صحیح النسل پودے تیار کیے جا سکتے ہیں،زرعی ماہرین

اتوار 8 نومبر 2015 16:47

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء) پیوند کاری سے صحیح النسل پودے تیار کیے جا سکتے ہیں ۔زرعی ماہرین کے مطابق ترشاوہ پھل پاکستان میں اگائے جانے والے پھلدار پودوں میں سر فہرست ہے اس لیے دن بدن ان کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے، اس اضافے کو پورا کرنے کیلئے مناسب مقدار میں نرسری کے پودوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمل ِ پیوندکاری کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ جن پھلوں میں بیج نہیں ہوتے مثلاً مالٹے، گریپ فروٹس یا سیڈ لیس کنو وغیرہ ان کی تیزی سے افزائش ِ نسل بذریعہ پیوند کاری ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کی نباتاتی افزائش نسل کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے روٹ سٹاکس جو پودے کی پیداوار ی صلاحیت پر بہت حد تک اثر انداز ہونے کے علاوہ بیماریوں اور کیڑوں کے خلاف قوتِ مدافعت رکھتے ہوں ان پر ترشاوہ پھلوں کی اقسام کو پیوند کر کے نہایت اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، مزید یہ کہ عمل پیوند کاری سے فوائد حاصل کر تے ہوئے بہت سے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیوند کرنے سے دو ہفتے قبل روٹ سٹاک کو یوریا کھاد ڈال کر پانی لگا دینا چاہیے تاکہ رس اچھی طرح چل پڑے اور پیوندکاری کیلئے قلم جتنی صحت مند ہوگی جبکہ بڑھوتی اور پیداوار بہتر ہوگی۔ترشاوہ پودوں کی پیوند کاری کا بہترین وقت مارچ/اپریل اوراکتوبر نومبر میں کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی گرافٹنگ کے لئے پیوندی لکڑی کی عمر کم از کم 3تا6 ماہ ہونی چاہیے۔

روٹ سٹاک پر انگریزی حرف Tشکل کا کٹ بنایا جاتا ہے اور پیوندی شاخ کے نچلے حصے کو قلم کی طرح پانچ سینٹی میٹر ترچھا کاٹا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیوندی چشمہ کے علاوہ روٹ سٹاک سے پھوٹے ہو ئے شگوفے توڑتے رہنا چاہئے ورنہ شگوفے بہت زیادہ بڑے ہو جائیں گے اور پیوندی چشمہ کی نشوو نما پر برا اثر ڈالیں گے اور باغات میں ان پودوں کو لگا دیا جائے تو روٹ سٹاک یعنی کھٹی کا پھل پیوند کی گئی قسم کے درخت پر لگ جائے گا اس طرح پودا کئی مسائل سے دوچار ہو سکتا ہے۔

عمل پیو ند کاری میں بڑے درختوں کے اوپر بُری /گھٹیا قسم کے پھل کو بہتر قسم کے پھل سے تبدیل کرنے ، بیج والی اقسام کی حامل پھلدار اقسام کو بغیر بیج والی اقسام کو تیزی سے متعارف کرانے کیلئے سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سرگودھا نے بڑے درختوں کے اوپر بذریعہ سائیڈ گرافٹنگ ایک طریقہ نکالا ہے جسے ٹاپ ورکنگ کہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :