کاشتکار کپاس ، مکئی اور کماد کے بعد کاشتہ گندم کی بوائی کے 20تا 25دن بعد اور دھان کے بعد کاشتہ فصل کی 30 تا 40دن بعد آبپاشی کریں،محکمہ زراعت

اتوار 8 نومبر 2015 16:47

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق گندم کے کاشتکاراچھی پیداوارکے حصول کے لیے کپاس ، مکئی اور کماد کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی شگوفے نکلتے وقت یعنی بوائی کے 20تا 25دن بعد دیں اور دھان کے بعد کاشتہ فصل کو 30تا40دن بعد آبپاشی کریں۔اوسط اور کمزور زمین میں پہلے پانی کے ساتھ ایک بوری یوریا جبکہ زرخیز زمین میں آدھی بوری یوریا فی ایکڑڈالیں۔

(جاری ہے)

بارانی علا قوں میں جڑی بو ٹیوں کی تلفی بذریعہ گو ڈی کریں۔آبپاش علاقوں میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورے سے جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں۔چوڑے پتوں اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے صرف سفارش کردہ مخصو ص زہر استعمال کریں۔ معیاری سپرے کے لیے مخصو ص نوزلFlat Fan)یا (T.Jetاستعمال کریں اور پانی کی مقدارفی ایکڑ 100تا 120لیٹر فی ایکڑ رکھیں۔تیز ہوا یا بارش والے دن سپرے کرنے سے گریزکریں۔ ترجیحاََسپرے دھوپ میں کریں،زہرکے چھڑکاؤ کے بعد گوڈی یا بار ہیروکے استعمال سے پرہیزکریں۔