راولپنڈی میں انسداد پولیومہم (منگل) سے شروع ہو گی

پانچ سال سے کم عمر7 لاکھ 90 ہزار 263بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر

اتوار 8 نومبر 2015 16:40

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء)ضلع راولپنڈی میں انسداد پولیو 10نومبر سے شروع ہو گی ۔پانچ روزہ انسدادپولیو مہم 14 نومبرکو اختتام پذیر ہو گی ۔ پولیو مہم کے دوران ضلع راولپنڈی میں پانچ سال سے کم عمر کے 7 لاکھ 90 ہزار 263 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے 269 پولیو مراکز بنائے گئے ہیں اور ضلع میں 111 ٹرانزٹ پوائنٹ بھی قائم کیے گئے ہیں․ 343 ایریا انچارج مقرر کیے گئے ہیں جو پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ 203 یونین کونسل میڈیکل آفیسر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آ#فیسر ہیلتھ ڈاکٹر ارشد علی صابر نے اتوار کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے اہداف کے حصول کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کی مانیٹرنگ کے لیے سینئر سٹاف کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ پبلک پارکس ،ریلوے اسٹیشنز ،بس اور ویگن سٹینڈز ،ریلوے سٹیشنز اور دیگر داخلی و خارجی راستوں پر بھی خصوصی کاؤنٹرز تشکیل دیئے جائیں گے تاکہ مہم کے دوران کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے اور پولیو مہم نتیجہ خیز ثابت ہو سکے ۔