حکومت عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے بلال یاسین

ملاوٹ کرنے والے مافیا کو معاشرہ میں کسی صورت جینے نہیں دیا جائے گا ، انہیں اپنے آپ کو ٹھیک کرنا ہو گا ‘صوبائی وزیر

اتوار 8 نومبر 2015 16:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء ) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ فوڈ سیکورٹی ایک اہم قومی ایشو ہے اس حوالے سے حکومت عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے تا کہ لوگوں کو صاف اور متوازن غذامہیا کر کے ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ڈالی جا سکے ،اس ضمن میں وزیر اعلی شہباز شریف کے ویژن کی روشنی میں صوبائی محکمہ خوراک نے فوڈ سیکورٹی مرتب کر لی ہے اور اس حکمت عملی کے مفید نتائج برآمد ہو نگے -یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- انہوں نے کہا کہ دور جدید میں جہاں بہتر اور صاف ستھری اور بیماریوں سے پاک زندگی گزارنے کے طریقے وضع ہوئے ہیں ہمیں بھی اپنی زندگیوں کو بہتر اور بیماریوں سے پاک زندگی گزارنے کے طریقے اپنانا ہوں گے تا کہ توانا اور صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکے - انہوں نے کہا کہ ملاوٹ سے پاک اشیا فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے - اس ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے حکومت نے فوڈ سیکورٹی کے لئے قوانین مرتب کئے ہیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے - صوبائی وزیر نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے مافیا کو معاشرہ میں کسی صورت جینے نہیں دیا جائے گا - انہیں اپنے آپ کو ٹھیک کرنا ہو گا - انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے عناصر اس بات پر کیوں نہیں توجہ دیتے کہ اپنے لالچ کی خاطر جو گڑھا دوسروں کے لئے کھود رہے ہیں اسی میں وہ بھی گر سکتے ہیں - انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کا ویژن کے مطابق عوام کی غذائی ضروریات کے پیش نظر حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر بھرپور عملدرآمد کرایا جائے گا تا کہ لوگوں کو صاف اور متوازن غذا مہیا ہو اور ایک صحت مند معاشرہ کی بنیاد ڈالی جا سکے -

متعلقہ عنوان :