فیصل آباد، ملزم کو پولیس کی طرف سے وی آئی پی پروٹوکول دینے پر سینکڑوں افراد کا پولیس کے خلاف احتجاج

پولیس کے رویے کے خلاف مظاہرین نے فیصل آباد جڑوانوالہ روڈ کو ٹائر جلا کر ٹریفک کے لئے بند کر دیا

اتوار 8 نومبر 2015 15:39

طفیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 نومبر۔2015ء) پولیس کی طرف سے سات سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو تھانے میں وی آئی پی پروٹوکول دینے پر سینکڑوں افراد نے پولیس کے رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فیصل آباد جڑوانوالہ روڈ کو کئی گھنٹے تک ٹریفک کے لئے بند کرتے ہوئے پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی۔ آن لائن کے مطابق چند روز قبل فیصل آباد کے علاقہ چک نمبر 215 کے رہائشی عمیر کا سات سالہ بیٹا وسیم گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتہ ہو گیا مقتول کے والد عمیر نے اس سلسلہ میں تھانہ مدینہ ٹاؤن میں بچے کے اغواء کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی مگر متعلقہ پولیس نے یہ کہہ کر کارروائی کرنے سے انکار کر دیا کہ وقوعہ مدینہ ٹاؤن کا نہیں بلکہ تھانہ صدر کا ہے چنانچہ مقتول کے والد عمیر نے تھانہ صدر کے ایس ایچ او سے رجوع کیا مگر اس نے بھی لعت و لعل سے کام لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

چند روز بعد مقتول سات سالہ وسیم لاش ڈھڈی والا کے چک نمبر 214 ر ب کے علاقہ سے کماد کی فصل سے ملی۔ وسیم کی لاش گل سڑ چکی تھی۔ مقتول کے باپ عمیر نے بیٹے کو جوتے سے شناخت کیا۔ پوسٹمارٹم کے بعد معلوم ہوا کہ کمسن وسیم کو زیادتی کے بعد اس کا گلا دبا کو اس کو قتل کیا گیا ہے۔ مقتول چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔ چنانچہ علاقہ کے لوگوں کے احتجاج پر اور مقدمہ تاخیر سے درج کرنے کے الزام میں سی پی او افضال احمد کوثر نے غفلت اور لاپرواہی برتنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر جاوید کو معطل کر دیا تھا۔

آج مقتول کے والد اور دیگر اہل محلہ کے لوگ تفتیش کے لئے تھانہ صدر پہنچے تو وہاں ملزم رفاقت جسے اس مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا وہ حوالات کی بجائے وی آئی پی سہولتیں لئے تھانے کے کمرے میں موجود تھا جس پر اہل علاقہ مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مقدمہ کے تفتیشی اور دیگر افسران کو معطل کر کے مقدمہ کو خصوصی عدالت میں چلانے کا مطالبہ کیا۔ سینکڑوں مشتعل مظاہرین نے فیصل آباد جڑانوالہ روڈ پرٹائر جلا کر ٹریفک کے لئے بند کر دیا اور یہ سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔

متعلقہ عنوان :