مقبوضہ کشمیر کے عوام نے مودی کا 12 ارب ڈالر کا پیکج مسترد کردیا ہے میر واعظ عمر فاروق

اقتصادی پیکج کے عوض کشمیری اپنی قربانیوں کو نہیں بیچیں گے حقِ خودارادیت کے لیے لڑنے والوں کے جذبات کو پیسوں سے نہیں تولا جاسکتا انٹرویو

اتوار 8 نومبر 2015 15:21

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء ) حریت کانفرنس کے چیئر مین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے مودی کا 12 ارب ڈالر کا پیکج مسترد کردیا ہے اقتصادی پیکج کے عوض کشمیری اپنی قربانیوں کو نہیں بیچیں گے حقِ خودارادیت کے لیے لڑنے والوں کے جذبات کو پیسوں سے نہیں تولا جاسکتا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ہم کسی صورت بھی مودی کا اقتصادی پیکج قبول نہیں کرسکتے جبکہ ہمارے انسانی، مذہبی اور سیاسی حقوق کو سلب کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کے خون کو پیسوں سے نہیں تولیں گے بلکہ آزادی حاصل کرکے شہدا کے مشن کو پورا کریں گے،حقوق کی تحریکوں کو تشدد اورطاقت سے نہیں دبایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر ملین مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے حریت کی پوری قیادت کو گرفتار کرکے بند کردیا گیا ۔مودی کے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور مسئلہ کشمیر پاکستان ، بھارت اور کشمیر کے درمیان ہے جو کبھی بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہوسکتا۔