کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد اور مزاحمت ہے،عبدالرشید ترابی،سید صلاح الدین

کشمیریوں نے نریندر مودی کے پیکج کو مسترد کر دیا ہے،اصل پیکیج حق خودارادیت ہے،جہاد اور مزاحمت کے بغیر ایک گز مقبوضہ زمین آزاد نہیں ہوئی بھارت نے ایک سو پچاس مذاکرات کے دور کو صرف کشمیریوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ،عالمی برادری اپنا مجرمانہ کردار ختم کر کے حق اور انصاف کی بنیاد پر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے بھارت کی 8لاکھ فوج نے مظالم کے تمام ہتھکنڈے اور ظلم و تشدد کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہ کر سکے‘ عالمی برادری اس کا نوٹس لے ‘اجلاس سے خطاب

اتوار 8 نومبر 2015 12:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی ،متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ نریندر مودی سے کشمیر کو آزاد کروانے کا واحد راستہ جہاد اور مزاحمت ہے ،کشمیریوں نے نریندر مودی کے پیکج کو مسترد کر دیا ہے،اصل پیکیج حق خودارادیت ہے،جہاد اور مزاحمت کے بغیر ایک گز مقبوضہ زمین آزاد نہیں ہوئی ،بھارت نے ایک سو پچاس مذاکرات کے دور کو صرف کشمیریوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ،عالمی برادری اپنا مجرمانہ کردار ختم کر کے حق اور انصاف کی بنیاد پر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے،کشمیر کی آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر پوری قوم اور قیادت ایک ہو کر بھارتی سامراج کے خلاف آزادی کی جدوجہد کریں،بھارت کی 8لاکھ فوج نے مظالم کے تمام ہتھکنڈے اور ظلم و تشدد کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہ کر سکے،مودی نے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشیں کی ہوئی ہیں اور اپنے فوجی قبضے کو مقبوضہ کشمیر میں دوام بخشنے کے لیے لاکھوں کنال زمین روزانہ ہتھیا رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے 42ویں اراکین جنرل کونسل کے اجلاس کشمیر سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس سے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امور خارجہ کے ڈائریکٹر غلام نبی نوشہری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیری پر عزم ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے،تحریک آزادی کشمیر کے خلاف جتنی بھی سازشیں ہوئیں وہ سب ناکام ہو چکی ہیں کشمیریوں کی قربانیوں کانتیجہ ہے کہ تمام تر مایوسیوں کے پیغام کے باوجود کشمیری پورے جوش اور جذبے کے ساتھ آزادی کی تحریک سے منسلک ہیں اور اب تحریک ان نوجوانوں کے ہاتھ میں آ گئی ہے جنہوں نے اس تحریک کے دوران جنم لیا پرورش پائی اور جوان ہوئے انہوں نے بھارت کے مظالم اپنی آنکھوں سے دیکھے آج وہی نوجوان اس تحریک کو لے کر چل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے بیس کیمپ میں مجاہد حکومت کا قیام بہت ضروری ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر ایک جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے اور بھارت کو دنیا بھر میں بے نقاب کرے ،نریندر مودی کی انتہا پسند پالیسوں نے بھارت کو بے نقاب کر دیا ہے عالمی برادری کو کشمیریوں کی پشت پر لانے کے لیے جامع پالیسی اور ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائے،انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر آمد پر کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی چاہتے ہیں ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا کہ کشمیر کی تحریک میں سوا5لاکھ کشمیریوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں،ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں 6ہزار گمنام قبریں دریافت ہوچکی ہیں عفت مآب خواتین کی عزت کو تار تار کیا گیا ہے بچے بوڑھے شہید کیے گئے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے اس کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں کمی آنے کے بجائے اس میں اضافہ ہو ا ہے بھارت کی 8لاکھ فوج عملاً مقبوضہ کشمیر کے اندر شکست کھاچکی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل ہٹ دھرمی اور میں نہ مانوں کے روئیے پر قائم ہے ہماری طرف سے تمام تر رعایتیں دینے کے باوجود بھارت کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہہ رہا ہے اور آزاد کشمیر کو لینے کی باتیں کررہا ہے بھارت کی لوک سبھااور راجیہ سبھا کی عمارتوں کی پیشانیوں پر یہ لکھا ہوا ہے کہ حکومت جس پارٹی کی بھی ہو کشمیرپر ہماری پالیسی ایک رہے گی اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیرکو آزاد کروانا ہے،انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف نے یوٹرن نہ لیا ہوتا تو آج کشمیری آزادی کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہوتے کشمیر کے بغیر پاکستان کی سلامتی اور استحکام خطرے میں ہے بھارت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر کے مقبوضہ کشمیر کے اندر اپنے قبضے کو مضبوط کررہا ہے،لاکھوں کنال زمین پر جبراً فوج قبضہ کررہی ہے ڈیمز بنائے جا رہے ہیں تا کہ پاکستان کو بنجر صحرا میں تبدیل کر دیا جائے،ہندوستان نے سیز فائر لائن پر فولادی دیوار تعمیر کر نے کا مستقل پروگرام بنا لیا ہے جو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی نوشہری نے مقبوضہ کشمیر جماعت اسلامی کی رپورٹ پیش کی کہ نامساعد حالات کے باوجود جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اپنی منزل کی جانب گامزن ہے ،صحت تعلیم اور فلاحی کاموں میں جماعت اسلامی بھرپور کردار ادا کررہی ہے تحریک آزاد ی کشمیر میں جماعت اسلامی نے قربانیاں پیش کیں۔