نعلین پاک چوری کی از سر نو تحقیقات کرائی جائے‘ دینی جماعتیں

شریف برادران نعلین پاک بازیابی کا وعدہ پوراکریں ورنہ سڑکوں پر نکلیں گے :تحریک ناموسِ رسالت

جمعہ 6 نومبر 2015 21:17

نعلین پاک چوری کی از سر نو تحقیقات کرائی جائے‘ دینی جماعتیں

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔6 نومبر۔2015ء) کل جماعتی” تحریک ناموسِ رسالت “کے زیر اہتمام لاہور بادشاہی مسجد تبرکات گیلری سے محکمہ اوقاف کی زیرتحویل چورائے گئے حضور خاتم النبیین کے نعلین مبارک کی تاحال عدم بازیابی اور انکے چوروں کی عدم گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں یوم بازیابی نعلین پاک منایا گیا جس کے تحت تحریک ناموسِ رسالت میں شامل جماعتوں جے یو آئی ،جے یو پی ،جماعت اسلامی ، جمعیت اہلحدیث ،جمعیت اہلسنت ، تحریک ملت جعفریہ اور اتحاد علماء کونسل کے علماء ِ کرام نے ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات پر عظمت نعلین پاک پر روشنی ڈالی اور انکی جلد بازیابی کیلئے قراردادیں پاس کرائی دینی جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حضور نبی پاک کے نعلین مبارک کی چوری کی ازسر نو تحقیقات کرائی جائیں اور اس ضمن میں تمام خفیہ ایجنسیوں پر مشتمل جوڈیشنل انکوائری کمیشن قائم کیا جائے تحریک ناموسِ رسالت کے راہنماؤں نے کہا کہ شریف برادران نعلین پاک کی جلد بازیابی کیلئے علماء و مشائخ سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کریں نعلین پاک جلد بازیاب اور انکے چور فوری طور پر گرفتار کیے جائیں بصورت دیگر اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آنے پر مجبور ہونگے ۔

(جاری ہے)

علماء نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر بازیابی نعلین پاک کیمپ پر حملے پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ واقعہ کی ایف آئی کٹنے کے باوجود تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی چوری اور حملہ کے ذمہ دار محکمہ اوقاف کے سرکردہ لوگوں کیخلاف کارروائی کی گئی اور نہ ہی انہیں ابتک شامل تفتیش کیا گیا جو انتہائی شرمناک اور انصاف سوز اقدام ہے جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔