شناختی کارڈ نمبر ہی این ٹی این نمبر بن گیا

بدھ 4 نومبر 2015 13:15

شناختی کارڈ نمبر ہی این ٹی این نمبر بن گیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4نومبر2015ء) چار ماہ سے زائد تاخیر کے بعد حکومت نے نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) نمبر سے تبدیل کردیا ہے، جس پر عملدرآمد رواں ماہ سے کیا جائے گا۔ تاہم ٹیکس دہندہ کے بارے میں چند اہم معلومات، جو سی این آئی سی پر درج نہیں ہوتیں، کے حصول کے لیے ایک انرولمنٹ فارم جاری کیا جائے گا جو انکم ٹیکس گوشواروں کی الیکٹرانک فائلنگ کے لیے لازمی ہوگا۔

گزشتہ روز جاری کیے گئے انکم ٹیکس ایس آر او کے مطابق کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ رکھنے والا کوئی بھی شخص، اب براہ راست انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرسکتا ہے، اور اس کے لیے پیشگی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم ای فائلنگ کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے الیکٹرانک انرولمنٹ کرانا ضروری ہوگی، جسے اس شخص کی رجسٹریشن کے طور پر سمجھا جائے گا۔

(جاری ہے)

کسی بھی کمپنی، ایسوسی ایشن آف پرسنز اور غیر ملکیوں کے لیے بھی الیکٹرانک انرولمنٹ لازمی ہوگی۔ اس حوالے سے انکم کمشنر کو شناختی کارڈ رکھنے والے شخص کو رجسٹر کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں، تاہم انہیں یہ اختیار نہیں ہوگا وہ فیصلہ کرسکیں کہ آیا رجسٹر ہونے والے شخص کی آمدنی ٹیکس دینے جتنی ہے یا نہیں۔ اسی طرح اس شخص کو، جس کے پاس شناختی کارڈ نہ ہو لیکن آمدی قابل ٹیکس ہو، ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے رجسٹر کیا جائے گا۔