لندن: آپ چھکا تو مار لیں گے لیکن لمبی پارٹنر شپ کے ساتھ اننگز کھیلنا بہت مشکل ہے،پاکستان میں رہتے ہوئے میڈیا میں رہوں گی ، ریحام خان نے طلاق کے بعد اپنا بیان دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 نومبر 2015 11:02

لندن: آپ چھکا تو مار لیں گے لیکن لمبی پارٹنر شپ کے ساتھ اننگز کھیلنا ..

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 04 نومبر 2015 ء) : پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان سے علیحدگی کے بعد ریحام خان بھی پہلی مرتبہ گذشتہ روز میڈیا کے سامنے آئیں اور دبے دبے الفاظ میں اپنے دوسرے سابق شوہر عمران خان پر اپنے دل کی بھڑاس نکال لی.مانچسٹر میں میڈیا کانفرنس کے تیسرے اور آخری روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ میرے پاکستان جانے کی وجہ وہ نہیں تھی جو لوگ سمجھتے تھے، میں نے رپورٹنگ میں اخلاقی پہلو کو اجاگر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کا کام صرف چھکے مار کر سنسنی پھیلانا نہیں بلکہ معاشرے کے مثبت پہلوؤں کو سامنے لانا ہے، میری باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔عمران خان کا نام لئے بغیر ریحام خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں چھکا مارنا بے شک بڑی کامیابی ہے لیکن اصل کامیابی تو اپنے پارٹنر کے ساتھ طویل اننگز کھیل کر سنچری بنانا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بیوی، بیٹی اور ماں کی عزت کرنا سکھایا جاتا ہے لیکن کچھ لوگ تہذیب کی پیروی نہیں کرتے، خواتین کا احترام کئے بغیر معاشرے میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں رہ کر میڈیا میں کام کریں گی۔ جبکہ اس بات کو بعض تجزیہ نگاروں نے عمران خان اور پاکستان تحریکٍ انصاف کے لیے خوش آئند قرار نہیں دیا.
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور ریحام خان کے درمیان 5 روز قبل ہی طلاق ہوئی تھی جب کہ ریحام خان 29 اکتوبر کو ہی پاکستان سے لندن کے لئے روانہ ہو گئی تھیں