سعودی عرب کا ملٹی پل ویزا، اقامہ ایک کلک پر حاصل کریں۔محکمہ داخلہ سعودی عرب نے 'ابشر' میں نئی سہولیات متعارف کرا دیں

منگل 3 نومبر 2015 21:38

سعودی عرب کا ملٹی پل ویزا، اقامہ ایک کلک پر حاصل کریں۔محکمہ داخلہ سعودی ..

جدہ ۔03 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔3 نومبر۔2015ء) سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ (جوازات) نے ملٹی پل ویزا اور کفیل کی تبدیلی کے عمل کو مزید آسان بناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کاموں کے لئے پاسپورٹ آفس کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی بلکہ یہ کام وزارت داخلہ کی ابشر' آن لائن سروس کے ذریعے بھی کیا جا سکتا ہے۔جوازات میں فنی امور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل کرنل خالد بن حماد السیخان کا کہنا ہے کہ ابشر سروس کو مسلسل بہتر کیا جارہا ہے تاکہ محکمے کی تمام سہولیات انٹرنیٹ پر میسر ہوں اور صارفین کو پاسپورٹ آفس کے چکر نہ لگانے پڑِیں۔

ابشر کے ذریعے سے سعودی شہریوں اور تارکین وطن کو کئی سہولیات دی جا رہی ہیں جن میں اقامہ (رہائشی پرمٹ) کا اجراء اور تجدید، مملکت سے خروج، ری اینٹری ویزے کا اجراء ، چھٹیوں میں توسیع، معلومات کے تبادلے اور سفری پرمٹ کا اجراء شامل ہے۔

(جاری ہے)

ابشر کے اجراء سے اب تک اس سروس کے ذریعے سے 78 لاکھ افراد نے اقامہ کی تجدید کروائی ہے، 60 ہزار نئے اقامہ جاری کئے گئے، تقریباً 8 لاکھ ایگزٹ، ری اینٹری ویزے جاری کروائے گئے ہیں، 13 لاکھ لوگوں نے اپنی چھٹیوں میں توسیع کروائی ہے اور 12 لاکھ سفری پرمٹ جاری ہوئے ہیں۔

کرنل خالد کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے انٹرنیٹ پر سہولیات کی فراہمی نے کامیابیوں کے نئے دروازے کھول دئیے ہیں اور پاسپورٹ دفاتر میں لوگوں کے دباؤ کو بھی کم کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام تارکین وطن سعودی پوسٹ کی 'واصل' سہولت سے فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تین دنوں میں اپنے کاغذات حاصل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :