سندھ ہائیکورٹ نے دنیش کنیریا کے خلاف انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے درخواست کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی

منگل 3 نومبر 2015 20:34

سندھ ہائیکورٹ نے دنیش کنیریا کے خلاف انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے درخواست ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 نومبر۔2015ء) سندھ ہائی کورٹ نے دنیش کنیریا کے خلاف انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے درخواست کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ میں انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی دنیش کنیریا پر اسپاٹ فکسنگ پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا جس کی رقم جرمانے کے ساتھہ ڈھائی لاکھ پاؤنڈ ہوچکی ہے اس جرمانے کی رقم ان کی جائیداد فروخت کرکے ادا کرائی جائے۔

عدالت میں گزشتہ سماعت پر نجی بینک کی جانب سے دنیش کنیریا کے بینک اکاونٹ کی تفصیلات جمع کرادی گئی تھی جس پر عدالت نے یہ رقم ناظر کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا تھا تاہم منگل کے روز ہونے والی سماعت پر دونجی بنکوں کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا گیا جس پر عدالت نے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے دونوں بنکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دنیش کے بنک اکاونٹ کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائے ورنہ بنک منیجر کے وارنٹ جاری کیئے جائیں گے.۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے دنیش کنیریا نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا تھا بلکہ یہ ان کے خلاف انگلش بورد کی جانب سے کیے جانے والے پینل کے ہیئرنگ کے اخراجات ہیں جن کا مطالبہ بورڈ کررہا ہے ان کے خلاف لگائے جانے والے الزامات غلط ہیں ان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے ہیں۔