بلدیاتی انتخابات،پنجاب کی کل 2696 نشستوں میں سے 328کے غیر حتمی نتائج موصول،(ن) لیگ کو 164نشستوں کے ساتھ برتری حاصل، آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ،تحریک انصاف تیسرے نمبر پر رہی،سندھ کی کل 1070نشستوں میں سے 237کے غیر سرکاری نتائج موصول،پیپلز پارٹی180نشستوں کے ساتھ پہلے،آزاد امیدوار45کے ساتھ دوسرے اور مسلم لیگ(فنکشنل) تیسرے نمبر پر، جیتنے والے امیدواروں کا جشن، مٹھائیاں تقسیم

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 23:11

بلدیاتی انتخابات،پنجاب کی کل 2696 نشستوں میں سے 328کے غیر حتمی نتائج موصول،(ن) ..

لاہور/فیصل آباد/ اوکاڑہ/لاڑکانہ/ خیرپور/ جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31اکتوبر۔2015ء) صوبہ سندھ کے 8 اور پنجاب کے 12اضلاع میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات مکمل ہو گئے،پنجاب میں مسلم لیگ(ن) اور سندھ میں پیپلز پارٹی کو برتری حاصل، پنجاب کے غیر حتمی نتائج کے مطابق 328نشستوں میں سے164 مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئیں اور سندھ میں 237نشستوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق180نشستیں پیپلز پارٹی جیت گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ ہوئی، جس میں صوبہ سندھ کے 8 اور پنجاب کے 12اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروائے گئے۔پنجاب کی 2696نشستوں میں سے 328نشستوں کے غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں، پنجاب میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) نے 164 نشستیں حاصل کی ہیں، اس کے بعد سب سے زیادہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، آزاد امیدوار 122نشستیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے328نشستوں میں سے 38نشستیں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح مسلم لیگ(ق) نے 3نشستیں حاصل کیں جبکہ پیپلز پارٹی نے 2نشستیں حاصل کی ہیں۔سندھ کے 8اضلاع میں کل 1070 نشستوں میں سے آخری اطلاعات آنے تک 237 کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوئے جن کے تحت پیپلز پارٹی نے 180 نشستیں حاصل کیں، آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر رہے جنہیں مجموعی طور پر 45نشستیں ملیں، اس کے بعد مسلم لیگ (فنکشنل)6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور جے یو آئی (ف)3 جبکہ تحریک انصاف 2 نشستیں حاصل کرسکی۔ جیت کے بعد فتح حاصل کرنے والے امیدواروں نے جشن منایا لوگ گلیوں اور سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے تاہم اس موقع پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔