پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ،آج 12اضلاع میں میدان سجے گا

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 31 اکتوبر 2015 00:55

لاہور(میاں محمد ندیم سے۔اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30اکتوبر۔2015ء) بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کیلئے پنجاب کے بارہ اضلاع میں پولنگ آج ہوگی،ووٹرز کیلئے اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا،لاہور سمیت پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ صبح ساڑھے سات بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی،الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں کوئی بھی ووٹر اپنا اصل شناختی کارڈ دکھائے بغیر ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے گا،جبکہ زائد المعیاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی گئی ہے،تاہم پاسپورٹ،ڈرائیونگ لائسنس یا نادرا کی رسید سے ووٹ نہیں ڈالا جا سکے گا،پنجاب میں چئیرمین اور وائس چیئرمین کیلئے بیلٹ پیپرز نیلا ہوگا،جبکہ کونسلر کیلئے سفید رنگ کا بیلٹ پیپرز استعمال کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں جن بارہ اضلاع کی مقامی حکومتوں کے نمائندوں کا انتخاب ہو گا ان میں لاہور، فیصل آباد، گجرات، چکوال، ننکانہ، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر اور لودھراں میں دو کروڑ پچاسی لاکھ تین سو انتیس ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صوبے میں سولہ ہزار دو سو چھیاسٹھ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشستوں کیلئے چھ ہزار تین سو سات امیدوار میدان میں ہیں۔

سولہ کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا جا چکا ہے۔ جنرل کونسلر کیلئے تینتیس ہزار سات سو چورانوے امیدواروں میں مقابلہ ہو گا۔ ان نشستوں پر سات سو اٹھاون امیدوار بھی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں سندھ کے آٹھ اضلاع میں بھی پولنگ ہو گی۔ لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، کندھ کوٹ، کشمور، گھوٹکی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے آبائی ضلع خیر پور میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

صوبے میں تین سو تینتیس یونین کونسلوں میں دس ہزار ستاسی امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ سات سو سات کو بلا مقابلہ قرار دیا جا چکا ہے۔ آٹھ اضلاع میں چھیالیس لاکھ سترہ ہزار چوبیس ووٹر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جن کیلئے چار ہزار اکتیس پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب اور سندھ کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی۔ فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ لاہور کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے علاقوں میں فوج نے گشت بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :