پاکستان اورایران کا دہشتگردی ٗ سرحد پار نقل و حرکت اورمنظم جرائم پر قابوپانے کیلئے شانہ بشانہ کام کر نے کے عزم کا اظہار

پاکستان اپنے کسی بھی علاقے میں شر پسندوں اور دہشتگردوں کی موجودگی بر داشت نہیں کریگا ٗچوہدری نثار علی خان

جمعرات 29 اکتوبر 2015 21:07

پاکستان اورایران کا دہشتگردی ٗ سرحد پار نقل و حرکت اورمنظم جرائم پر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اکتوبر۔2015ء) پاکستان اورایران نے دہشتگردی ٗ سرحد پار نقل و حرکت اورمنظم جرائم پر قابوپانے کیلئے شانہ بشانہ کام کر نے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شامخانی نے پاکستان،ایران کے درمیان موجودہ سیکورٹی معاہدے پر مزید عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو مشترکہ سرحدی علاقوں میں بدامنی اور شرپسند عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہئے اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ پاکستان اپنے کسی بھی علاقے میں شر پسندوں اور دہشتگردوں کی موجودگی بر داشت نہیں کریگااور ان کے خلاف ڈٹ کر کاررروائی کی جائیگی ۔

ایرانی عہدیدار ریئر ایڈمرل علی شامخانی نے جمعرات کو یہاں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور ٗ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

علی شامخانی نے پاک ایران سیکورٹی معاہدے کے مزید عمل درآمد کے حوالے سے دونوں ممالک کے حکام کی مسلسل ملاقاتوں اور مشاورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض غیرعلاقائی ممالک اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان،ایران کے مشترکہ سرحدی علاقوں میں دہشتگرد عناصر ، شرپسند اور منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے گروہوں کی سرپرستی کرتے ہیں تاہم ایسی سازشوں کے خلاف مشترکہ تعاون اور کاروائی ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور پاکستان ہرگز شرپسند عناصر کو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اس موقع پر پاکستان کے وزیر داخلہ نے قبائلی علاقوں بالخصوص شمالی وزیرستان میں جاری پاکستانی مسلح افواج کی فیصلہ کن آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے دیگر علاقوں میں موجود کسی بھی شرپسند اور دہشتگرد عناصر کے خلاف ڈٹ کر کاروائی کرے گاچوہدری نثار علی خان نے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان سٹریٹجک برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور اس شراکت داری کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے ۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کااظہار کیا کہ باہمی چیلنجوں بشمول دہشتگردی اورسرحدی جرائم پر قابو پانے کیلئے ملکر کام کرینگے اس مقصد کیلئے انٹیلی جنس اطلاعات کے تبادلے کو بڑھایا جائیگا اور سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کوفروغ دیا جائیگا ۔وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان اورایران کی شراکت داری کومزید مضبوط کر نے اور دوستانہ تعلقات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ہر سطح پر ملکر کام کر نا ہوگا ۔

ہماری ناکامی سے نہ صرف مشترکہ دشمن مضبوط ہونگے بلکہ دونوں ممالک اور خطے کے مفادات کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے اتحاد پر بھی منفی اثر پڑیگا انہوں نے کہاکہ پاک ایران شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ علاقے میں امن استحکام اورسماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔ایڈمرل علی شامخانی نے مسلم ممالک میں امن واستحکام کیلئے حکومت پاکستان کے اصولی موقف کو سراہا اور کہاکہ مسلمان ممالک کے درمیان بات چیت کے ذریعے ہی اختلافات کا حل نکالاجاسکتا ہے انہوں نے کہاکہ ایرانی قیادت اور عوام پاکستان کی حکومت اور عوام سے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطہ اور عالم اسلام کے مفاد میں ہے ۔