امام حسین ؓنے باطل کے سامنے ڈٹ جانیکا حوصلہ دیا‘ دور حاضر کی یزیدی قوتوں کے مقابلے کیلئے حسینی کردار کی ضرورت ہے‘ امام حسین ؓ اور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانی پوری اُمت کیلئے مشعل راہ ہے

رہنماتحریک صراط مستقیم اشفاق صابری کا اجتماع سے خطاب

منگل 27 اکتوبر 2015 23:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اکتوبر۔2015ء)تحریک صراط مستقیم پاکستان کے رہنماعلامہ اشفاق احمدصابری نے کہا ہے کہ امام حسین نے باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ،امام حسین کے بہتر جانثاروں نے یزیدی فوج کو ایسی شکست دی کہ رہتی دنیاتک کیلئے یزیدیت ایک گالی بن گئی، دور حاضر کی یزیدی قوتوں کے مقابلے کے لئے حسینی کردار کی ضرورت ہے،حضرت امام حسین ؓ اور انکے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی پوری اُمت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے ،نواسہ رسول نے باطل کے سامنے سرنگوں ہونیکی بجائے سرکٹانے کو ترجیح دیکر اپنے نانا کی امت کیلئے لازوال مثال قائم کی ، امام حسین ؓ سے محبت و عقیدت کے اظہار کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جس مقصد کیلئے انہوں نے جان قربان کی تھی اسکے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،اہل بیت نے میدان کربلا میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے حق وصداقت کا جو علم بلند کیا وہ رہتی دنیا تک سرنگوں نہیں ہوگا، ان خیالات کااظہارانہوں نے غوری ٹاؤن میں شہید اعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کانفرنس کے دیگرمقررین کاکہناتھاکہ حضرت امام حسین رضی اﷲ عنہ نے جانیں قربان کرکے امر بالمعروف ونہی عن المنکر کی اعلیٰ ترین مثال قائم فرمائی، اس موقع پر مختلف قرار دادوں کے ذریعے مملکت خداد داد پاکستان میں نظام مصطفیؐ و نظام خلافت راشدہ کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا، نیز استحکام پاکستان کیلئے اور دہشتگردی و اندرونی بیرونی سازشوں کے خاتمہ کیلئے بھی قرار دادیں منظور کی گئیں۔