زلزلہ آنے کی صورت میں خود کو محفوط رکھنے کیلئے چند احتیاطی تدابیر

muhammad ali محمد علی پیر 26 اکتوبر 2015 22:58

زلزلہ آنے کی صورت میں خود کو محفوط رکھنے کیلئے چند احتیاطی تدابیر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.26اکتوبر 2015 ء) ملک بھر میں آج دوپہر آنے والے زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگلے ایک ماہ تک مسلسل آفٹر شاکس آسکتے ہیں جس کے باعث مزید تباہی ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے عوام کیلئے کچھ احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں جن پر عمل کرکے خود کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

زلزلہ آنے کے وقت آپ فوری عمارت سے باہر نکل جائیں یا دروازے کی چوکھٹ یا سیڑیوں کے نیچے پناہ لے لیں۔شیشے، کھڑکیوں، دیواروں اور ایسی کوئی بھی چیز کے گرنے سے آپ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو ان سے دور رہیں۔ اگر آپ عمارت سے باہر ہیں تو کوشش کریں کہ عمارتوں، دیواروں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

(جاری ہے)

اگر آپ گاڑی میں سفر کررہے ہیں تو اسے فوری روک دیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کے گاڑی بھی عمارتوں، دیواروں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہے۔

زلزلے کے بعد پرسکون رہیں اور مزید معلومات کیلئے ریڈیو یا ٹی وی دیکھیں۔ زلزلے کے بعد ٹوٹی ہوئی یا کمزور عمارتوں کے قریب جانے سے مکمل گریز کریں اور اگر زلزلے کے بعد ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں تو ماچس یا لائٹر جلانے کی بالکل کوشش نہ کریں، اپنے منہ کو کپڑے سے ڈھانپ لیں اور کسی پائپ یا بھاری چیز کو دیوار سے بار بار مار کر امدادی ٹیموں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کریں۔

متعلقہ عنوان :