موبی لنک کے تعاون سے پنک ربن اور پی ایچ اے نے مینار پاکستان کو’’گلابی ‘‘کر دیا

’پنک ٹوبر‘ کی عالمی سپورٹ کے ساتھ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں سینے کے سرطان کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ کرنا تھا‘عمر آفتاب

پیر 26 اکتوبر 2015 20:29

موبی لنک کے تعاون سے پنک ربن اور پی ایچ اے نے مینار پاکستان کو’’گلابی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) موبی لنک، پنک ربن اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے تعاون سے مینار پاکستان کو گلابی رنگ میں روشن کیا گیا۔ مینار پاکستان کوانٹرنیشنل میموگرام ڈے کے حوالے سے علامتی طور پر گلابی رنگ میں روشن کرنے کا مقصد سینے کے سرطان کے مہینے کے بارے میں لوگوں میں آگاہی کو فروغ دینا تھا اوراس جان لیوا مرض میں مبتلا مریضوں اور زندہ بچ جانے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرناتھا۔

مینار پاکستان کو پنک رنگ میں روشن کرنے کے اس اقدام کو ’پنکٹوبر‘کی سپورٹ بھی حاصل تھی۔’پنکٹوبر‘ سینے کے سرطان کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے والی عالمی مہم ہے اور ایمپائر اسٹیٹ ، وہائٹ ہاؤس، ایفل ٹاور اور سڈنی اوپرا ہاؤس جیسی عالمی یادگاروں کو بھی پنک رنگ میں روشن کرنے کے باعث شہرت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ان یادگاروں کو اس اس مہینے کے آغاز میں’پنک‘رنگ میں روشن کیا گیا تھا۔

پاکستان میں سینے کے سرطان سے ہلاک ہونے والی خواتین کی شرح دیگر ایشیائی ممالک سے زیادہ ہے۔پاکستان میں ہر 9خواتین میں سے ایک عمر کے کسی نہ کسی حصے میں سینے کے سرطان میں مبتلا ہو جاتی ہے۔ اس طرح ہر سال پاکستان میں سینے کے سرطان کے تقریباً 90ہزارکیسز منظر عام پر آتے ہیں جن میں سے تقریباً 40 ہزارخواتین موت کا شکار ہوجاتی ہیں۔اگر ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے تو نوے فیصد سے زائد خواتین کے بچ جانے کا امکان ہوتا ہے تاہم آگاہی نہ ہونے اور طبی سہولتوں کے فقدان کے باعث اس مرض کے بارے میں بہت دیرسے علم ہوتا ہے جوایسی خواتین کی ہلاکت کی سب سے بڑی وجہ بنتی ہے۔

اس اقدام کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے موبی لنک کے ہیڈ آف کارپوریٹ کمیونیکشنز عمر منظور نے کہا،’’موبی لنک گزشتہ 6سالوں سے پنک ربن مہم کو سپورٹ کرتا آیا ہے۔موبی لنک اس مہم کوفروغ دینے میں مدد فراہم کرتا رہا ہے جس میں اپنے کسٹمرز کوملک بھر میں معلوماتی پیغامات کا بھیجنا شامل ہے۔ پنک ربن کے ساتھ ہماری شراکت داری سرطان کی اس انتہائی قسم کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے بارے میں ہمارے عزم کی علامت ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ مہم پاکستان میں سینے کے سرطان پر قابو پانے میں مدد دے گی۔

‘‘پنک ربن کے چیف ایگزیکٹو، عمر آفتاب نے اس مقصد کے لیے سپورٹ فراہم کرنے پر موبی لنک اورپی ایچ اے کا شکریہ ادا کیا۔ گلابی چراغاں کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں اس مرض کی تشخیص بچاؤ کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سینے کے سرطان کی نوعیت ابھی بھی معاشرتی طور پر حساسیت رکھتی ہے لیکن ہمیں میڈیا میں اس مسئلے کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنا ہے۔

پورے معاشرے کے لیے اس آگاہی کی اہمیت کو سمجھنا بہت اہم ہے کیوں ابتدائی مرحلے میں تشخیص کی صور ت میں ہم ایک ماں، ایک بہن ، ایک بیوی یا ایک بیٹی کو بچا سکتے ہیں۔‘‘انہوں نے مزیدکہا،’’پنک ربن سینے کے سرطان کے لیے وقف پاکستان کا پہلا اسپتال بھی قائم کر رہا ہے۔‘‘پی ایچ اے کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز جاوید شائدا نے پنک ربن کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو سراہا کہ صحت کے معاملات کے بارے لاعلمی ہی مسائل پیدا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے ایسے اعلیٰ مقاصد کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔اکتوبر کے مہینے کو عالمی سطح پر’Pinktober‘کے طور پر منایا جاتا ہے یعنی سینے کے سرطان سے آگاہی کا مہینہ۔ اس مہینے میں پنک ربن نہ صرف نوجوان خواتین اسٹوڈنٹس میں معلوماتی مواد کے ذریعے آگاہی کو فروغ دیتی ہے بلکہ ایسے متعدد ایونٹس کا اہتمام بھی کرتی ہے جن میں براہ راست بات چیت کے ذریعے خواتین اور لڑکیوں میں حساسیت پیدا کی جا سکے۔ مزید برآں،’پنکٹوبر‘2015 اکتوبر کے پورے مہینے مختلف اقسام کی سرگرمیاں جاری رکھے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ آگاہی کو فروغ دینے اور بچاؤ کے علاوہ تدارک اور امید کا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :