ڈیرہ غازی خان، لورالائی، ہنگواور ہرنائی میں آسمانی بجلی گرنے سے 7افراد جاں بحق ، سکیورٹی اہلکاروں سمیت 11افراد زخمی

اتوار 25 اکتوبر 2015 14:35

ڈیرہ غازی خان، لورالائی، ہنگواور ہرنائی میں آسمانی بجلی گرنے سے 7افراد ..

ڈیرہ غازی خان/لورالائی/ہنگو/ہرنائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25اکتوبر۔2015ء) ملک کے مختلف علاقوں ڈیرہ غازی خان، لورالائی، ہنگواور ہرنائی میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 7افراد جاں بحق جبکہ سکیورٹی اہلکاروں سمیت 11افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد جھلس گئے جن میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق ایک شخص اپنی فیملی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ اچانک ان پر آسمانی بجلی آگری جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر 2 افرادجن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جھلس گئے جنہیں ریسکیو حکام نے فوری طور پر ضلعی ہسپتال منتقل کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق د ونوں افراد کے جسم کا اکثر حصہ جھلس گیا ہے اور حالت سخت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور واقعہ میں بلوچستان کے اضلاع لورالائی اور ہرنائی میں آسمانی بجلی گرنے سے 3بچوں سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ4 بچے زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق لورالائی کے علاقے بی اینڈ آر کالونی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جبکہ دکی میں کوئلے کی کان پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ دوسری طرف سبی کے قریب ہرنائی کے علاقہ وام تنگی میں گھر پر آسمانی بجلی گر گئی جس سے مکان میں آگ لگ گئی اور 3 بچے موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 بچوں سمیت 4افراد جھلس گئے۔لیویز حکام نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔جبکہ ہنگو کے علاقے شاہو خیل میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :