محرم الحرام میں دہشت گردی کا خطرہ، ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

جمعہ 23 اکتوبر 2015 15:12

محرم الحرام میں دہشت گردی کا خطرہ، ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اکتوبر۔2015ء) ملک بھر میں آج دسویں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس نے بارہ اضلاع کو حساس قرار دیا ہے جس کے پیش نظر صوبے میں ڈبل سواری پر پابندی جبکہ یوم عاشورہ پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ پشاور پولیس نے جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ ضلع بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت ڈبل سواری، اسلحہ لے کر چلنے، اسلحہ کی دکانوں اور سیاہ شیشوں والی گاڑیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

کراچی میں بھی ڈبل سواری پر پابندی، موبائل سروس منقطع جبکہ ایم اے جناح روڈ سیل کردی گئی ہے۔پنجاب پولیس نے لاہور، راولپنڈی، جھنگ، رحیم یار خان، گجرنوالہ، فیصل آباد، بھکر، ملتان، ڈی جی خان، بہاولنگر، چکوال اور پاکپتن کو حساس قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

آج پولیس کے ایک لاکھ چونسٹھ ہزار تین سو اہلکار و رضا کار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

پاک فوج کہ چھتر جبکہ رینجرز کی بارہ کمپنیاں بھی سیکیورٹی پر مامور ہوں گی۔پنجاب بھر کے جلوس کی نگرانی کے لیے آئی جی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں کل رات بارہ بجے تک کے لیے ڈبل سوار پر پابندی عائد ہے جبکہ صبح آٹھ بجے سے جلوس اختتام پذیر ہونے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ کی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پشاور ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کی حفاظت اور امن و امان کو قابو میں رکھنے کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت ڈبل سواری، اسلحہ لے کر چلنے، اسلحہ کی دکانیں اور سیاہ شیشوں والی گاڑیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سیکیورٹی کے لیے سات ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگادی گئی ہے۔ پولیس کے ہمراہ ایف سی بھی موجود رہے گی جبکہ فوج کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق کوہاٹی چوک میں قائم کیا جانے والا سینٹرل کمانڈ پوسٹ میں سراغ رساں کتوں کے علاوہ محکمہ صحت کے اہلکار، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کا عملہ بھی موجود رہے گا۔ کوئیک رسپانس فورس اس دوران پیٹرولنگ جاری رکھے گا۔ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں سخت کر دی گئیں ہیں جبکہ افغانوں کا داخلہ بھی شہر کے اندر بند کر دیا گیا ہے۔ادھر سندھ حکومت کے احکامات کے تحت یوم عاشورہ پر ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس معطل رہے گی۔ سیکیورٹی انتظامات کے تحت ایم اے جناح روڈ سیل کردی گئی ہے۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :