خانیوال میں دوالمناک ٹریفک حادثات ،17افراد جاں بحق ،34زخمی ،وہاڑی روڈ پر زائر ین کی بس الٹنے سے 14 افراد جاں بحق ، 40سے زائد شدید زخمی ہوگئے ، کوہی والا کے قریب ٹریلر اور سوزوکی بولان میں شدید تصادم میں 3افراد ہلاک اور 4زخمی ہوئے ،نعشیں اور زخمی ہسپتال منتقل ، متعدد کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ۔ اپ ڈیٹ

جمعرات 22 اکتوبر 2015 23:40

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22اکتوبر۔2015ء) خانیوال میں وہاڑی روڈ پر 84پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث زائر ین کی بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ، 40 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے، ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو بنیادی طبی امداد فراہم کی اور انہیں وہاڑی ہسپتال منتقل کردیا گیا ، جہاں پر بعض شدید زخمیوں کی حالت تشویشنا ک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکپتن سے واپس آنے والے زائرین کی بس تیز رفتاری کے باعث تھانہ چھپ کلاں کی حدود میں وہاڑی روڈ پر 84 پل کے مقام پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد جا ں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو وہاڑی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق زائرین کا تعلق گوجرانوالہ کے ایک ہی محلے گر جاگ سے ہے اور بس میں 80 کے قریب مسا فر سوار تھے جس میں 50 کے قریب بچے ،خواتین اور 30 کے قریب مرد سوار تھے، تمام مسافر پاکپتن بابا فرید کے دربار پر حاضری کے بعدسلطان باہو حاضری کے لئے جا رہے تھے ۔

دریں اثناء خانیوال کے نواحی گاؤں کوہی والا کے قریب ملتان روڈ پر تیز رفتار ٹریلر اور سوزوکی بولان میں شدید تصادم ہواجس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمیوں کو بنیادی طبی امداد فراہم کی ۔ بعد ازاں لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں محمد عثمان جبکہ 2 خواتین بھی شامل ہیں جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی جبکہ حادثے میں زخمی ہونیوالوں میں ارشاد ، پروین ، قمر اور محمد یٰسین شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :