امریکی صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور پاکستان میں بھارتی مداخلت پر تفصیلی بات چیت ہوئی ، افغانستان میں امن اور بھارت کے ساتھ کشیدگی ہمارے اہم مسائل ہیں ، امریکہ نے ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا ہے ، ملاقات میں نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ، وزیر دفاع خواجہ آصف

جمعرات 22 اکتوبر 2015 23:40

امریکی صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22اکتوبر۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور پاکستان میں بھارتی مداخلت پر تفصیلی بات چیت ہوئی ، افغانستان میں امن اور بھارت کے ساتھ کشیدگی ہمارے اہم مسائل ہیں ، امریکہ نے ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا ہے ، ملاقات میں نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔

وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی باراک اوباما سے اہم ملاقات ہوئی جس میں بہت سے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت امریکہ کو فراہم کردیئے گئے ہیں ، افغانستان میں امن اور بھارت کے ساتھ کشیدگی ہمارے دو اہم مسائل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا ہے جبکہ باراک اوباما نے پاک فوج کی تعریف کی ہے ، خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا مقصد افغانستان میں امن کا قیام ہے کیونکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکہ کو پاکستان کے سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا ، باراک اوباما اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات سے متعلق مشترکہ اعلامیہ میں کشمیر کا ذکر بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔