پاکستان اور امریکہ کا دوطرفہ تعاو ن کے مزید فروغ ، عالمی امن کیلئے مل کر کام کرنے اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کوآگے بڑھانے پر اتفاق ،پاکستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے، پاکستان خطے میں امن کیلئے امن اثرورسوخ استعمال کرے، امریکی صدر ، پاکستان امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے، پاک امریکہ تعلقات 70سال پر محیط ہیں ، ان کو مزید مضبوط بنایا جائے گا ،وزیراعظم نوازشریف کی باراک اوباما سے ملاقات کے دوران گفتگو ، باراک اوباما ، نواز شریف ملاقات میں عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے ،پائیدار شراکت داری ، سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی اور اقتصادی ترقی کیلئے تعاون بڑھانے ، پاک امریکہ پارٹنر شپ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ، امریکی صدر کی امن و سیکیورٹی اور خطے کی ترقی کیلئے پاکستان کے کردا ر، اصلاحاتی پروگرام کی تعریف ،پاکستان اور امریکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے ، امریکی صدر اوبامااور وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات کے بعد 2800الفاظ پر مشتمل اعلامیہ جاری ، نواز شریف کاپاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی پر زور

جمعرات 22 اکتوبر 2015 22:59

پاکستان اور امریکہ کا دوطرفہ تعاو ن کے مزید فروغ ، عالمی امن کیلئے مل ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22اکتوبر۔2015ء) پاکستان اور امریکہ نے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے، عالمی اور خطے کے امن کیلئے مل کر کام کرنے اور عوامی سطح پر تعلقات اور جمہوریت کے فروغ اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کوآگے بڑھانے اور قیام امن کیلئے مل کر چلنے اتفاق کیا ہے،امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے، پاکستان خطے میں امن کیلئے امن اثرورسوخ استعمال کرے، وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو یہاں وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر باراک اوباما اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون، پاک امریکہ تعلقات، خطے اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا جو کہ 8صفحات اور 2800الفاظ پر مشتمل تھا ۔ مشترکہ اعلامیے میں کہاگیاکہ باراک اوباما اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات میں عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پائیدار شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی صدر اور وزیراعظم پاکستان نے جمہوریت کے استحکام کے عزم کا بھی اعادہ کیاجبکہ ملاقات کے دوران امریکی صدر نے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات میں سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی اور اقتصادی ترقی کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاک امریکہ پارٹنر شپ خطے اور امن کیلئے ضروری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں امریکی صدر باراک اوباما نے امن و سیکیورٹی اور خطے کی ترقی کیلئے پاکستان کے کردارکو سراہا جبکہ پاکستان میں اصلاحاتی پروگرام کی بھی تعریف کی،ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور امریکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے امریکی صدر سے ملاقات کے دوران پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ جمہوریت کیلئے دوطرفہ تعاون ضروری ہے، پاکستان اور امریکہ خطے میں استحکام چاہتے ہیں۔ باراک اوباما نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے، اسے خطے میں امن کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے، امریکہ پاکستان کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں فروغ چاہتا ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع اور بنیادی تعلقات ہیں، دورے سے پاک امریکہ تعلقات میں مزید وسعت آئے گی، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات سیکیورٹی تک محدود نہیں ہیں۔

امریکی صدر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دورہ امریکہ کیلئے مدعو کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مہمان نوازی پر امریکی حکومت کا شکرگزار ہوں، امریکہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ قبل ازیں ملاقات سے قبل خیر مقدم کے موقع پرامریکی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ امریکی صدر باراک اوباما کا دورے کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات 70سال پر محیط ہیں اور انہیں مزید مضبوط بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں ۔وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ آصف،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی بھی شریک تھے۔

جبکہ باراک اوباما نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی وائٹ ہاؤس آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں ، ان تعلقات کو مزید بڑھایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی قیام پذیر ہے اور وہ امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ دنیا کی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کا کردار اہم ہے ۔ پاکستان کے ساتھ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتاہے۔