جاپانی سرمایہ کار پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کی خواہش رکھتے ہیں، شنگو شینو ذاکی

پیر 19 اکتوبر 2015 22:34

جاپانی سرمایہ کار پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر توانائی کے شعبے میں ..

لاہور۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء)جاپانی سرمایہ کار پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کی شدید خواہش رکھتے ہیں لہذا پاکستانی تاجروں کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات تین رکنی جاپانی وفد کے سربراہ شنگو شینو ذاکی نے لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔

سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک، کیجی یاماموٹو اور مرزا آصف بیگ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ جاپانی وفد کے اراکین نے کہا کہ تعاون کے قابل نئے شعبوں کی تلاش کے لیے ریسرچ سے باہمی تجارت کا حجم بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جاپانی ادارہ جائیکا پاکستان میں صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں کام کررہا ہے، بہت سی جاپانی کمپنیاں پہلے ہی پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کررہی ہیں ، مزید جاپانی کمپنیوں کی سرمایہ کاری دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرے گی۔ ناصر سعید نے کہا کہ جاپان پاکستان کا بہت اہم دوست و تجارتی حصے دار ہے اور پاکستان اس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کا شمار دنیا کی طاقتور معاشیات میں ہوتا ہے اور وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن جیسے ادارے پاکستان کے تجارت و سرمایہ کاری اور سماجی شعبے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد تجارتی حجم بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بہترین سرمایہ کاری پالیسیوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔