اسٹیٹ بینک نے ICBC بینک پاکستان کو چین کے ساتھ امپورٹ ایکسپورٹ بلز کی براہ راست چینی کرنسی ین میں ادائیگی کی اجازت دیدی

پیر 19 اکتوبر 2015 22:13

اسٹیٹ بینک نے ICBC بینک پاکستان کو چین کے ساتھ امپورٹ ایکسپورٹ بلز کی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء) ICBC بینک آف چائنا پاکستان کے سربراہ برانسن ژینگ ژیانگ اور مارکیٹنگ ہیڈ محمد شعیب نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں FPCCI کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بینکنگ اینڈ فنانس کے اجلاس میں ایک پریذنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ICBC بینک پاکستان کو چین کے ساتھ امپورٹ ایکسپورٹ بلز کی براہ راست چینی کرنسی ین (RMB) میں ادائیگی کی اجازت دے دی ہے۔

FPCCI کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بینکنگ کے چیئرمین ڈاکٹر اختیار بیگ نے اسے پاکستانی تاجروں اور ایکسپورٹرز کیلئے ایک بہترین سہولت قرار دیا اور بتایا کہ امریکی ڈالر اور یورو کے ذریعے امپورٹ ایکسپورٹ بلوں کی ادائیگی کرنے میں تاجروں کو کرنسی ایکسچینج کا نقصان اٹھانا پڑتا تھا جبکہ براہ راست پاکستانی روپے اور چینی کرنسی میں تجارت کرنے سے کرنسی ایکسچینج نقصان نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بیگ نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ چند سالوں پر اگر نظر ڈالی جائے تو چینی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں زیادہ مستحکم ہے جو دونوں ممالک کے تاجروں کیلئے خوش آئند بات ہے۔ ICBC بینک نے پاکستان میں پاک چین اکنامک کوریڈور کے منصوبوں کی فنانسنگ کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی میں بینکوں کی ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنا اور ایف بی آر کا ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کیلئے دیئے گئے پروپوزل پر بحث کی گئی۔

فیڈریشن کے صدر میاں محمد ادریس، TDAP کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر، فیڈریشن کے نائب صدور وسیم وہرہ، شاہنواز اشتیاق، عبدالسمیع خان، گلزار فیروز، آٹوپارٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین ایس ایم نعیم اور پاکستان میں ICBC بینک آف چائنا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :