پاکستان کاانتہا پسند تنظیم کے احتجاج پر چیئرمین پی سی بی کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی منسوخی کا سخت نوٹس

بھارتی حکومت ایسے واقعات بار بار رونما ہونے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے،دفترخارجہ

پیر 19 اکتوبر 2015 20:39

پاکستان کاانتہا پسند تنظیم کے احتجاج پر چیئرمین پی سی بی کی بھارتی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء) پاکستان نے انتہا پسندبھارتی تنظیم کے احتجاج کے باعث چیئرمین پی سی بی کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات منسوخ کیے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ ایسے واقعات بار بار رونما ہونے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں،پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ ہم نے بھارت میں پاکستانی شخصیات کی طے شدہ تقریبات اورملاقاتوں میں خلل ڈالنے کے لیے پر تشدداحتجاج کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سخت نوٹس لیا ہے بیان کے مطابق ایک انتہا پسند تنظیم کے احتجاج کے باعث چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھارتی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی منسوخی حالیہ دنوں میں پیش آنے والے ایسے واقعات میں تازہ ترین اضافہ ہے ،دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ بھارت میں ایسے واقعات کے باربار دہرائے جانے کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔