محبت اہل بیتؑ جزو ایمان ہے،عزاداری میں رکاوٹ بننے والے ریاستی ہتھکنڈوں مسترد کرتے ہیں ‘ مولانا مشتاق ہمدانی

ملت جعفریہ نے ضیا الحق کی مارشل لاکا مقابلہ کیا، موجودہ حکومت بھی ناکام ہوگی‘ جنرل سیکرٹری شیعہ علما کونسل پنجاب کا مجلس عزا سے خطاب

پیر 19 اکتوبر 2015 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا مشتاق حسین ہمدانی نے کہا کہ محبت اہل بیتؑ جزو ایمان ہے، عزاداری سید الشہدا میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خواب چکنا چور ہوں گے،عزاداری ہمارا آئینی اورشہری حق ہے،اس پر کسی قسم کی پابندی کو نہ صرف قبول نہیں کریں گے،بلکہ ریاستی ہتھکنڈوں کو مسترد بھی کرتے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرمولانا موسیٰ رضا جسکانی،مولانا حسن رضا قمی،مولانااشتیاق کاظمی،میاں فرزند علی ، علی قاسمی، ایم ایچ نقوی اور دیگر بھی موجود تھے ۔مولانا مشتاق ہمدانی نے کہا کہ پنجاب حکومت اہل تشیع کی مسلمہ رسومات کو روکنے کی سازشیں کررہی ہے۔ اس پر ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

شیعیان حیدر کرار کو دیوار سے لگایا گیا تو حالات قابو میں نہیں رہیں گے،حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ روایتی اور لائسنسی جلوسوں میں رکاوٹیں نہ ڈالیں۔ ہم شہادتیں ،جیلیں اور صعوبتیں برداشت کرنے سے نہیں گھبرانے والے ہیں اورنہ ہی ملت جعفریہ کے لئے یہ کوئی نئی بات ہوگی۔ ضیا الحق جیسے مارشل لائی آمروں کا ہم نے ڈٹ کرمقابلہ کیا تھا تو موجودہ حکومت بھی ناکام ہوگی۔

انہوں نے وزیر اعلٰی شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ کچھ مقامات پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عزاداری میں پیدا کی جانے والی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔متعصب پولیس آفیسرز کو نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں عزاداری میں رکاوٹ ڈالنے سے روکا جائے ، ورنہ حالات خراب ہونے کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے علما، خطبا اور ذاکرین پر ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور مشورہ دیا کہ حکومت دہشت گردوں کے قلع قمع کرنے میں فوج کا ساتھ دے، عزاداروں کو تنگ نہ کرے۔

متعلقہ عنوان :