لندن میں مسافر بس میں مسلمان خواتین کو حراساں کرنے والی برطانوی خاتون گرفتار

muhammad ali محمد علی ہفتہ 17 اکتوبر 2015 21:09

لندن میں مسافر بس میں مسلمان خواتین کو حراساں کرنے والی برطانوی خاتون ..
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.17اکتوبر 2015 ء) لندن میں مسافر بس میں مسلمان خواتین کو حراساں کرنے والی برطانوی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی ایک مسافر بس میں 2 مسلمان خواتین کو ایک برطانوی خاتون کی جانب سے حراساں کیے جانے کی ویڈیو نے ہر جانب تہلکہ مچا دیا تھا۔

(جاری ہے)

مذکورہ ویڈیو میں36 سالہ برطانوی خاتون اطالوی نژاد حاملہ خاتون اور ان کی بیٹی کو مسلسل حراساں کررہی ہے اور انہیں غلیظ گالیاں دیتے ہوئے دہشت گردی تنظیم دولت اسلامیہ سے تعلق ہونے کا الزام لگا کر برطانیہ سے چلے جانے کا کہہ رہی ہے۔ جبکہ برطانوی خاتون نے حاملہ مسلمان خاتون کے پیٹ پر مکا تک مارنے کی دھمکی دی۔ یہ ویڈیو بس میں موجود ایک مسافر نے ریکارڈ کرلی اور بعد ازاں اسے سوشل میڈیا پر جاری کردیا۔

اب اس حوالے سے پولیس نے برطانوی خاتون کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ یاد رہے کہ برطانیہ میں مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ ایک برس کے دوران برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کیخلاف مذہبی منافرت پر مبنی جرائم کے کل 816 واقعات رونما ہوچکے ہیں۔