رشتہ داروں نے کالعدم بی ایل ایف کے سربراہ ڈاکٹر اﷲ نذر کی ہلاکت کی تصدیق کردی ،دہشتگر دکمانڈر کوپنجگور میں دفن کر دیا گیا ہے، اﷲ نذر آواران کے علاقے مالار میں آپریشن میں شدیدزخمی ہوگیاتھا ، اسے پہاڑی علاقے سے پنجگور لایا گیا ، رشتہ دار ڈاکٹروں نے علاج کی کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا ، پنجگور میں ہی دفن کردیاگیا ، اب بی ایل ایف کی ذمہ داری اس کے بھانجے سال چاند نے سنبھال لی ہے ، نجی ٹی وی کی رپورٹ میں دعویٰ

جمعہ 16 اکتوبر 2015 21:52

رشتہ داروں نے کالعدم بی ایل ایف کے سربراہ ڈاکٹر اﷲ نذر کی ہلاکت کی تصدیق ..

اسلام آباد ؍لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء) کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ(بی ایل ایف) کے سربراہ ڈاکٹر اﷲ نذر کے رشتہ داروں نے اس کی ستمبر میں آواران کے علاقے مالار میں ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اﷲ نذر کوپنجگور میں دفن کر دیا گیا ہے، آپریشن میں ا س کا ایک بھانجا بھی ہلاک ہوا جبکہ اب بی ایل ایف کی کمان ایک اور بھانجے سال چاندنے سنبھال لی ہے۔

جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے سربراہ کے رشتہ داروں کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ آواران کے علاقے مالارمیں آپریشن کے نتیجے میں زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں ہلاک ہو گئے۔رپورٹ بی ایل ایف کے سربراہ ڈاکٹر اﷲ نذر پر رواں سال ستمبر میں حملہ ہوا تھا،جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا تھے، اسے زخمی حالت میں پہاڑی علاقے میں چار گھنٹوں کی ڈرائیور کے بعد پنجگور کے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹر اﷲ نذر کے رشتہ دار ڈاکٹروں نے اس کا علاج کرنے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈاکٹر اﷲ نذر کو پنجگور میں ہی دفن کر دیا گیا ہے، آپریشن میں اس کے ہمراہ اس کا ایک بھانجا بھی ہلاک ہو گیا ہے تاہم دوسرا بھانجا ابھی زندہ ہے جس کا نام سال چاند کے طور پر سامنے آیا ہے اور اب اس نے کالعدم بی ایل ایف کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، ڈاکٹر اﷲ نذر پر حملہ آواران کے علاقے مالار میں ہوا تھا تاہم اس کے موقع پر ہلاک ہونے کی خبریں درست نہیں بلکہ وہ پنجگور میں دوران ہلاک ہوا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کالعدم بی ایل ایف اب بالکل ہی معمولی سی تنظیم بن کر رہ گئی ہے اور اس میں کوئی بڑی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت موجود نہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایک پریس کانفرنس میں ڈاکٹر اﷲ نذر کی ہلاکت کا غیر مصدقہ اعلان کیا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس غیر مصدقہ اطلاعات آئی ہیں کہ کالعدم تنظیم بی ایل ایف کا سربراہ ڈاکٹر اﷲ نذر ہلاک ہو گیا ہے تاہم وہ اس کی تصدیق نہیں کر سکتے، جس کے بعد اب ان میڈیا رپورٹس میں ڈاکٹر اﷲ نذر کی ہلاکت اور پنجگور میں دفن ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔