رچرڈ اولسن پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی تعینات،17 نومبر سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے

جمعہ 16 اکتوبر 2015 11:22

رچرڈ اولسن پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی تعینات،17 ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء ) امریکی محکمہ خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو پاکستان اور افغانستان کے لیے اپنا نمایندہ خصوصی مقرر کر دیا،رچرڈ اولسن 17 نومبر سے نئے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق رچرڈ اولسن پاکستان میں امریکہ کے سفیر کے طور پر اپنی سروس مکمل کرنے کے بعد 17 نومبر سے نئی ذمہ داری شروع کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خدمات میں رچرڈ اولسن کے مشکور ہیں اور ان کی پاکستان اور افغانستان کے لئے بطور نمائندہ خصوصی تعیناتی محکمہ خارجہ نے کی ہے۔رچرڈ اولسن ایسی پالیسیوں اور پروگرامز لاگو کرنے کے ذمہ دار ہوں گے جو امریکی کی قومی سلامتی کے مفادات کی حمایت کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان میں استحکام اور خوشحالی لانے کا باعث بنیں۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق رچرڈ اولسن نے گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان میں امریکہ کے سیفر کے طور پر خدمات انجام دیں ہیں۔رچرڈ اولسن اس سے پہلے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں قائم امریکی سفارت خانے میں 2011 سے 2012 کے دوران کوآرڈینیٹر ڈائریکٹر فار ڈویلپمینٹ اور اکنامک افیئرز کے طور پر کام کر چکے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق رچرڈ اولسن 2008 سے 2011 تک متحدہ عرب امارات میں امریکہ کے سفیر رہ چکے ہیں۔واضح رہے کہ سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان ڈین فیلڈ مین گزشتہ ماہ 18 ستمبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے تھے۔