وزارت داخلہ نے اعلیٰ حکومتی شخصیت اور امیر جماعۃ حافظ سعید پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘کی جانب سے حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا

’’ را ‘‘ کارروائی کیلئے تحریک طالبان پاکستان ،لشکر جھنگوی کو استعمال کر سکتی ہے ، دونوں جماعتوں کو فنڈنگ بھی ’’ را‘‘ کر رہی ہے ‘ مراسلہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا ملک بھر میں وسیع پیمانے پر آپریشن کرنے کا فیصلہ ،کالعدم تنظیموں کے مفرور ارکان کی گرفتاری کے لئے چھاپے شروع کر دیئے ‘ میڈیا رپورٹس

جمعرات 15 اکتوبر 2015 22:54

وزارت داخلہ نے اعلیٰ حکومتی شخصیت اور امیر جماعۃ حافظ سعید پر بھارتی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) وزارت داخلہ نے اعلیٰ حکومتی شخصیت اور امیر جماعۃ پروفیسر حافظ سعید پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘کی جانب سے حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا ،’’ را ‘‘ کارروائی کے لئے تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی کو استعمال کر سکتی ہے ۔میڈیا رپورٹس کیمطابق وزارت داخلہ پنجاب نے آئی جی پنجاب ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ، ایڈیشنل آئی جہ سپیشل برانچ اور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر اور ڈی آئی جی وی وی آئی پی سکیورٹی کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں اعلیٰ حکومتی شخصیت اور امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید پر ’’ را ‘‘ کے حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔

مراسلے میں اعلیٰ حکومتی شخصیت اور امیر جماعت الدعو ۃ کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

مراسلہ کے مطابق ’’ را ‘‘ اس کاروائی کے لئے ملک میں موجوددو کالعدم تنظیموں کو استعمال کر سکتی ہے جن میں تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی شامل ہیں، مراسلے میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ان دونوں کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ ’’را‘‘کی طرف سے کی جارہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس حملے کی اطلاعات کے بعد ملک بھر میں وسیع پیمانے پر آپریشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب کالعدم تنظیموں کے مفرور ارکان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔