پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کو دیدئیے، اب امریکہ کو پیش کئے جائیں گے‘ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے مفاد میں بات ہو گی‘ وزارت داخلہ ‘ وزارت دفاع کی محتاج نہیں اور نہ ہی جی ایچ کیو سے رابطے کیلئے وزارت دفاع کی ضرورت ہے ‘ جی ایچ کیو سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے براہ راست رابطے میں ہوں‘ اصغر خان کیس میں وزیراعظم نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا تھا، کچھ سابق فوجی افسران کے بیان ریکارڈ کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ، تحریک انصاف کے این اے 122 میں ووٹر لسٹوں سے ووٹ منتقل کئے جانے کے الزا مات غلط ہیں ‘ تحریک انصاف کا ہر الزام سیاسی ہوتا ہے، ہر بات پر دنگا فساد اور گالم گلوچ ملکی مفاد میں نہیں اسے بند کیا جائے‘ ‘ نادرا کو ووٹر لسٹوں میں تبدیلی کااختیار نہیں ،محرم کے موقع پر پاک فوج کے 10 ہزار جوان اور 6000 رینجرز و پولیس کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 14 اکتوبر 2015 20:09

پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کو دیدئیے، اب امریکہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کو دیدئیے اب امریکہ کو پیش کئے جائیں گے‘ وزیر اعظم کی قیادت میں دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے مفاد میں بات ہو گی‘ وزارت داخلہ ‘ وزارت دفاع کی محتاج نہیں اور نہ ہی جی ایچ کیو سے رابطے کیلئے وزارت دفاع کی ضرورت ہے ‘ جی ایچ کیو سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے براہ راست رابطے میں ہوں‘ داخلی سلامتی کی صورتحال پر تمام اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے، اصغر خان کیس میں وزیراعظم نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا تھا، کچھ سابق فوجی افسران کے بیان ریکارڈ کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ،یقین دلاتا ہوں اصغر خان کیس میں بھی پیش رفت ہو گی‘ تحریک انصاف کی طرف سے این اے 122 میں ووٹر لسٹوں سے ووٹ منتقل کئے جانے کے الزا مات غلط ہیں ، کسی شخص کا ووٹ اس کی درخواست کے بغیر کسی اور حلقے میں منتقل نہیں ہو سکتا‘ 18 سال کی عمر کو پہنچنے و الے افراد کا ووٹر لسٹوں میں درج ہونے کا نظام خودکار ہے‘ ووٹ تبدیل کرنے کی درخواست نادرا نہیں چیف الیکشن کمشنر کو کی جاتی ہے ‘ تحریک انصاف کا ہر الزام سیاسی ہوتا ہے ‘ نادرا مسلم لیگ (ن) کا نہیں قومی ادارہ ہے ‘ سیاست اور نادرا کو الگ رکھیں‘ ہر بات پر دنگا فساد اور گالم گلوچ ملکی مفاد میں نہیں اسے بند کیا جائے‘ 2013ء سے لے کر ضمنی انتخابات کے شیڈول کے اعلان تک این اے 122 میں 25 ہزار 929 ووٹوں کا اضافہ ہوا ‘ 26 اگست کو ووٹر لسٹیں منجمد ہونے کے بعد لسٹوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی‘‘ سپریم کورٹ سے ای او بی آئی کیس کا فیصلہ ایف آئی اے کی شفاف تحقیقات کا عکاس ہے،محرم الحرام میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر کے حساس اضلاع میں 10 ہزار پاک فوج کے جوان جبکہ 6000 رینجرز اور پولیس کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ کاش تحریک انصاف کی سمجھ میں آ جائے کہ ہار تسلیم کرنا بڑا پن ہوتا ہے۔ ہر بات پر دنگا فساد کرنا ملکی مفا دمیں نہیں اور نہ ہی سیاسی قیادت کا مقصد گالم گلوچ ہوتا ہے لہذا اسے بند کر دینا چاہیے۔ چوہدری نثار نے کہاکہ حکومت نے تحریک انصاف کا جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ تسلیم کیا۔

این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں فوج کی تعیناتی اور کیمرے لگانے کا مطالبہ بھی پورا کیا گیا لیکن جس طرح کی زبان استعمال کی گئی اس سے سیاستدانوں کی عزت افزائی نہیں ہوتی ۔ محاذ آرائی ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں امید کرتا ہوں کہ تحریک انصاف کی قیادت پہلے تولا کرے گی پھر بولا کرے گی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ 2013ء کے عام انتخابات سے لے کر 2015ء کے ضمنی انتخابات کے شیڈول کے اعلان تک این اے 122 میں 25 ہزار 929 ووٹوں کا اضافہ ہوا۔

میں ووٹ ادھر ادھر کرنے کے معاملہ پر مکمل تحقیقات کر آیا ہوں26 اگست کو انتخابی فہرستیں منجمد کر دی گئیں جس کے بعد ووٹر لسٹوں میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی طرف سے الزام عائد کیا گیا کہ ووٹر لسٹوں سے ووٹ منتقل کئے گئے لیکن انہیں بتاتا ہوں کہ ووٹ تبدیل کرنے کی درخواست نادرا نہیں الیکشن کمیشن قبول کرتا ہے حلقے کے کسی شخص کا ووٹ اس کی درخواست کے بغیر دوسرے حلقے میں نہیں منتقل کیا جاسکتا۔

18 سال کی عمر کو پہنچنے والے افراد کا نام ووٹر لسٹوں میں درج ہونے کا خودکار نظام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نادرا مسلم لیگ (ن) کا نہیں قومی ادارہ ہے۔ خدارا سیاست اور نادرا کو الگ رکھیں ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ تحریک انصاف کا ہر الزام سیاسی ہوتا ہے۔ انہوں نے میں نہ مانوں والی رٹ لگا رکھی ہے۔ سیاسی مقاصد کیلئے نادرا پر ہر الزام لگا دیا جاتا ہے۔

نادرا خود کسی بھی ووٹ کو منتقل نہیں کر سکتا۔ نادرا میں شفافیت یقینی بنا رہے ہیں۔ چیئرمین نادرا نے مجھ سے خود کہا کہ الیکشن ٹربیونل میں جو بیان دیا اس کے مطابق 50 ہزار ووٹ بوگس نہیں ہیں انہیں صرف پڑھا نہیں جا سکتا لیکن چیئرمین نادرا کے اس بیان کو بھی سیاسی رنگ دیدیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف ابھی امریکہ کے دورہ پر روانہ بھی نہیں ہوئے کہ افواہیں اڑ ا دی گئیں کہ وزیر اعظم جس جہاز پر امریکہ جا رہے ہیں اس کا خرچہ 25 کروڑ روپیہ بنتا ہے۔

عمران خان کا یہ بیان کہ وزیر اعظم بوئنگ 777 طیارے پر جا رہے ہیں بے بنیاد ہے۔ وزیر اعظم نوا زشریف تو 12 سیٹر جہاز پر امریکہ جا رہے ہیں۔ الزام خان سنی سنائی باتوں پر الزام لگانے سے پہلے تحقیقات کر لیا کریں ۔ انہوں نے کہاکہ جی ایچ کیو سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے براہ راست رابطے میں ہوں داخلی سلامتی کی صورتحال کے حوالے سے تمام اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

وزارت داخلہ وزارت دفاع کی محتاج نہیں اور نہ ہی جی ایچ کیو سے رابطے کیلئے وزارت دفاع کی ضرورت ہے۔ چوہدری نثار نے کہاکہ ایف آئی اے کے تمام مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ سپریم کورٹ سے ای او بی آئی کیس کا فیصلہ ایف آئی اے کی شفاف تحقیقات کا عکاس ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ اصغر خان کیس میں بھی پیش رفت ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی سربراہی میں دورہ امریکہ میں پاکستان کے مفاد میں بات ہو گی ۔

دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کے ثبوت اقوام متحدہ کو دئیے ہیں اب امریکہ کو بھی پیش کئے جائیں گے۔ پاکستان اس معاملہ پر واضح موقف اپنائے گا۔ دہشت گردی کے حوالے سے ہر مرتبہ بھارت کے الزامات جھوٹے ثابت ہوتے رہے ہیں جبکہ بھارتی رہنماؤں نے خود یہ تسلیم کیا کہ ہمارے ایجنٹ پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہاکہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے جی ایچ کیو اور سول آرمڈ فورسز کے سربراہان کے تعاون سے موثر انتظامات کئے ہیں ۔ گزشتہ دنوں 9 ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان اور 6300 رینجرز اور پولیس کے جوان حساس اضلاع میں تعینات کرنے کی منظوری دی ہے