حوثیوں کی سعودی سرحد عبور کرنے کی کوشش ناکام

کارروائی میں سعودی فورسزنے اپاچی ہیلی کاپٹراستعمال کیے،مخالفین کا جانی ومالی نقصان

بدھ 14 اکتوبر 2015 19:53

حوثیوں کی سعودی سرحد عبور کرنے کی کوشش ناکام

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اکتوبر۔2015ء) یمن کے حوثی باغیوں کے ایک گروہ نے سعودی عرب کے جازان ریجن میں الخوبہ کی جانب سے یمن اور سعودی عرب کے درمیان بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کی کوشش کی۔سعودی عرب کی مشترکہ فوج نے سرحدی خلاف ورزی کی متذکرہ کوشش ناکام بنا دی۔ اس کارروائی میں سعودی فوج نے دیگر اسلحہ سمیت اپاچی ہیلی کاپٹرز سے بھی مدد لی۔

کارروائی میں حوثی ملیشیا کی صفوں میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔درایں اثنا سعودی عرب کی مشترکہ افواج الجوف کا محاذ دوبارہ کھولنے کی تیاری کر رہی ہیں تاکہ اس کا کں ٹرول معزول صدر علی عبداﷲ صالح اور حوثی ملیشیا سے واپس لیا جا سکے کیونکہ انہوں نے اس علاقے میں قدم جما کر المخا کی سمت پیش قدمی شروع کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحادی فوج، یمن کی آئینی حکومت کی حامی سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے حوثیوں اور علی عبداﷲ صالح کے جنگجووں کے زیر نگین مارب کے باقی ماندہ علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے لئے کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

الجوف گورنری کا مکمل کنڑول حاصل کرنے کے لئے ایک بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔دوسری جانب یمن کے عوامی مزاحمت کاروں نے تعز میں ارباف نامی علاقے کی شارع ھبجہ العید پر حوثی ملیشیا کا ایک حملہ ناکام بنایا ہے، جس کے بعد فریقین میں شدید لڑائی کا سلسلہ شروع ہوا جو لحج کے نواح تک پھیل گیا۔صالح اور حوثی ملیشیا کے جنگجووں نے شارع ھبجہ العید کے ذریعے مزاحمت کاروں کو سپلائی کی فراہمی روکنے کے لئے تازہ دم کمک ارسال کر دی ہے۔ یاد رہے شارع ھبجہ العید عدن اور تعز کو ملانے والی اہم سڑک ہے۔

متعلقہ عنوان :