Live Updates

ڈیرہ غازی خان ،(ن) لیگی رکن قومی اسمبلی امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے پر دھماکہ‘ مقامی رہنماء سمیت 7افراد جاں بحق 13 زخمی ،سردار امجد فاروق موجود نہ ہونے پر محفوظ رہے’وزیراعظم ، وزیراعلیٰ ، عمران خان، آصف زرداری، سراج الحق سمیت دیگر کی دھماکے کی شدید مذمت’ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

بدھ 14 اکتوبر 2015 13:34

ڈیرہ غازی خان ،(ن) لیگی رکن قومی اسمبلی امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے پر دھماکہ‘ ..

ڈیرہ غازی خان/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اکتوبر۔2015ء) ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی امجد فاروق کھوسہ کے ڈیرے پر دھماکے کے نتیجے میں (ن)لیگ کے مقامی رہنماء سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ،سردار امجد فاروق اسلام آباد ہونے کے باعث محفوظ رہے،وزیراعظم نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب ، عمران خان، آصف زرداری، سراج الحق سمیت دیگر کی دھماکے کی شدید مذمت،وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے تونسہ میں مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی امجد فاروق کھوسہ کے گھر سے ملحقہ ڈیرے و سیاسی امور کیلئے قائم الیکشن آفس میں دھماکے کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق جبکہ 13زخمی ہو گئے، مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی،دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد ڈیرے پر موجود تھی، دھماکہ خود کش تھا،ڈسٹرکٹ پولیس آفسر ڈی جی خان نے 7افرد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں 15سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تونسہ منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق 2نامعلوم افراد جو موٹرسائیکل پر سوار تھے ڈیرے پر دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔

دوسری طرف رکن قومی اسمبلی امجد فاروق کھوسہ اسلام آباد میں ہونے کے باعث خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ میڈیا کو اپنی خیریت سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے کئی عزیز و اقارب بھی جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماء اختر تنگوانی سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 13شدید زخمی ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔

دھماکا اس قدر شدید تھاکہ دور تک آواز اس کی آواز سنی گئی، فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ۔وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سابق صدر آصف علی زرداری اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے کر فوری پر ڈی پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کوفوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات